شاہ محمود قریشی کا گرفتاری سے پہلے پارٹی کے رہنماؤں کارکنوں کیلئے پیغام

50 / 100

فوٹو : فائل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا گرفتاری سے پہلے پارٹی کے رہنماؤں کارکنوں کیلئے پیغام جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہمت نہیں ہارنی ہے.

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے کہا کہ
میرے حوصلے بلند ہیں، ان کا پیغام ہے کہ آپ نے حوصلہ نہیں ہارنا، پیغام آگے بڑھانے کیلیے ریجنل اور ضلعی سربراہان کا اجلاس طلب کیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد میں گلگت بلتستان ہاؤس سے گرفتار کیا گیا، پی ٹی آئی رہنما پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہنگاموں اور آتش زنی کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو تھری ایم پی او کے تحت چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا گیا۔

گذشتہ روز پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن وہ بچ نکلے تھے اور گرفتار نہ ہوسکے تھے۔

بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے کی خبریں آئیں تھیں تاہم انھوں نے اپنی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ غلط معلومات، افراتفری اور دہشت پھیلانے کی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے.

انھوں نے کہا کہ خبردار کرتا ہوں کہ یہ ایک بہت بڑی غلطی ہے، پاکستانی عوام مزید گھروں میں نہیں بیٹھیں گے ہمیں کوئی ڈر نہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا کارکنوں کیلیے واضح پیغام ہے کہ میرے حوصلے بلند ہیں، انہوں نے بتایا تھا کہ عمران خان خیریت سے ہیں اور پہلے سے زیادہ پُرعزم ہیں، وہ کارکنان کی شہادتوں پر رنجیدہ ہیں۔

Comments are closed.