آرمی چیف سے چینی وزیر خارجہ اور افغان قائم مقام وزیر خارجہ کی ملاقاتیں
راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے چینی اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ چن کنگ اور افغان قائم مقام وزیر خارجہ امیر متقی نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ ملاقات میں سی پیک افغانستان کی صورتحال اور خطے میں قیام امن پر تبادلہ خیال کیا گیا.
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ چن کینگ نے آرمی ہاوس میں ملاقات کی.
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف نے چین پاکستان اسٹریٹجک تعلقات کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے چین پاکستان اکنامک کوریڈور منصوبے کے لیے بھی مکمل حمایت کا اعادہ کیا. یہ منصوبہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا ایک اہم جزو ہے۔
آرمی چیف نے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا۔
وزیر خارجہ چن گنگ نے برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تزویراتی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا.
چینی وزیر خارجہ نے سی پیک پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا. چینی وزیر خارجہ نے سی پیک کی بروقت تکمیل کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔
چینی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔دونوں شخصیات نے خطے میں سیکیورٹی کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کہا۔
آرمی چیف نے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں چین کے کردار کو تسلیم کیا. دونوں فریقوں نے مشترکہ سیکورٹی چیلنجوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں اپنے موجودہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ۔
فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے قائم مقام افغان وزیر برائے خارجہ امور امیر خان متقی نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
آرمی چیف اور افغان قائم مقام وزیر خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا. ملاقات میں علاقائی سلامتی، بارڈر مینجمنٹ اور موجودہ سیکیورٹی ماحول میں بہتری کے لیے دوطرفہ سیکیورٹی میکانزم کو باقاعدہ بنانے کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مشترکہ چیلنجوں سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے دونوں برادر ہمسایوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں آرمی چیف نے باہمی دلچسپی کے امور میں افغان عبوری حکومت کی جانب سے مکمل حمایت اور عزم کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ متقی نے افغانستان کے عوام کے لیے پاکستان کی روایتی حمایتحمایت کو سراہا۔افغان وزیر خارجہ نے پاکستان افغانستان میں امن اور ترقی میں سہولت کاری کے لیے کردارکو سراہا۔انہوں نے علاقائی استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا.
فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مشترکہ تشویش کے مسائل کو حل کرنے کے لیے باقاعدہ رابطوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
آرمی چیف نے ایک مستحکم، پرامن اور خوشحال افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
Comments are closed.