ہم اپنے مادر وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں،آرمی چیف

47 / 100

فائل:فوٹو
اسلام آباد:پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیرنے کہاہے کہ ” ہمارے لیے عوام کی حفاظت اور سلامتی سے زیادہ مقدس کچھ نہیں اور کوئی فرض مادرِ وطن کی حفاظت سے زیادہ اہم نہیں امن کے لیے ہماری کوششوں کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے ہم اپنے مادر وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں۔

پاسنگ آوٴٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ “ریاست کا محور پاکستان کی عوام ہیں“پہلی اور سب سے اہم ذمہ داری ریاستِ پاکستان کے ساتھ وفاداری اور پاکستان کی مسلح افواج کو تفویض کردہ آئینی کردار سے وابستگی ہے”
جنرل عاصم منیر نے کہاکہ ” ہمارے لیے عوام کی حفاظت اور سلامتی سے زیادہ مقدس کچھ نہیں اور کوئی فرض مادرِ وطن کی حفاظت سے زیادہ اہم نہیں””فوج ہمارے عظیم قائد کے نظریہ پر عمل پیرا ہے جس میں ذات، رنگ، نسل، جنس یا علاقائی تفریق نہیں””امن کے لیے ہماری کوششوں کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے”۔

آرمی چیف نے کہا کہ "ہم اپنے مادر وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پاک فوج اپنے اس فرض کو نبھانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے "”افواجِ پاکستان کے غیور اور سر بکف سپاہی دشمن کی تعداد یا وسائل سے مرعوب نہیں ہوتے””افواجِ پاکستان اپنے مضبوط قوتِ ارادی ، وعدہِ پروردگار اور اْسی کے تابعِ فرمان ہیں”۔

آرمی چیف نے قرانِ مجید کی سورہِ بقرہ کی آیہِ کریمہ کے ایک حصے کی تلاوت کی، جسکا ترجمہ ہے کہ :” کتنی ہی بار ایسا ہوا کہ اللہ کی مرضی سے چھوٹی قوت نے بڑی طاقت کو شکست دی”۔

پاک فوج کے سربراہ نے مزید کہاکہ "دشمن ریاستی اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنا چاہتا ہے "دہشت گردی کی جنگ میں عوام اور ریاست کا کلیدی کردارہے””بیش بہا قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہونے والے امن کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ‘دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی ملک میں کوئی جگہ نہیں””ہمیں اپنے ظاہری اور چھپے ہوئے دشمن کو پہچاننا ہو گا اور اس ضمن میں حقیقت اور ابہام میں واضح فرق روا رکھنا ہوگا””دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے”۔”عوام اور پاک فوج کے باہمی رشتے کو قائم و دائم رکھا جائے گا”۔

انہوں نے کہا کہ”افغانستان میں استحکام ہماری سلامتی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے”۔”ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے”۔ "پاکستان کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد اور حَقِ خودارادیت کے لیے اْن کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا”

آرمی چیف نے مزید کہا کہ "عالمی برادری کو یہ جان لینا چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر، علاقائی امن ہمیشہ مبہم رہے گا”

قبل ازیں 147ویں پی ایم اے لانگ کورس، 13ویں مجاہد کورس، 66ویں انٹیگریٹڈ کورس، چھٹے بیسک ملٹری ٹریننگ کورس اور 21ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ آج پاکستان ملٹری کا اکیڈمی میں منعقد ہوئی۔

پاس آوٴٹ ہونے والے کیڈٹس میں فلسطین، بحرین، عراق، قطر اور سری لنکا کے کیڈٹس بھی شامل تھے۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر مہمان خصوصی تھے۔آرمی چیف نے پریڈ کا جائزہ لیا اور ممتاز کیڈٹس کو ایوارڈز دئیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اعزازی تلوار اکیڈمی کے سینئر انڈر آفیسر عبداللہ بن طارق اور 147ویں پی ایم اے لانگ کورس کے بٹالین سینئر انڈر آفیسر علی عامر کو پریذیڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل سری لنکا سے بٹالین سپورٹس سارجنٹ پاسندو دیانند کو دیا گیا۔

آرمی چیف نے کین کو 13ویں مجاہد کورس کے کورس انڈر آفیسر محمد عدنان منور، 66ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کورس انڈر آفیسر عادل علی، 21ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کورس سارجنٹ میجر فاطمہ خالد اور کورس انڈر آفیسر سلمان خان کو کمانڈنٹ کین سے نوازا گیا۔

آرمی چیف نے پاس آوٴٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو پی ایم اے میں تربیت کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی۔ قبل ازیں آمد پر کمانڈنٹ پی ایم اے نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

Comments are closed.