سپریم کورٹ نے تنویر الیاس کی نااہلی کیخلاف درخواست مسترد کر دی

50 / 100

فائل:فوٹو

مظفرآباد : آزاد کشمیر کی سپریم کورٹ نے تنویر الیاس کی نااہلی کیخلاف درخواست مسترد کر دی۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی لیگل ٹیم نے آزاد کشمیر ہائیکورٹ کی جانب سے وزارت عظمی کے عہدے سے ہٹائے جانے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہاآپ دوبارہ اپیل کل لے کر آئیں، اپیل کا ٹائٹل درست نہیں، سردار تنویر الیاس کو وزیر اعظم لکھا گیا ہے۔

تنویر الیاس کے وکلاء سے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر وہ وزیر اعظم ہیں تو اپیل دائر کرنے کی ضرورت کیوں ہے؟ فیصلہ غلط یا ٹھیک ہوا اس پر فیصلہ بعد میں ہوگا۔

سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی اپیل پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض لگا کر واپس کردی۔

اعتراض میں کہا گیا کہ سردار تنویر الیاس کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن منسلک کیوں نہیں ہے، سردار تنویر الیاس وزیراعظم نہیں سابق وزیر اعظم ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں سردار تنویر الیاس کو وزارت عظمیٰ کے لئے نااہل قرار دیا تھا، آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیرِ اعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔

توہین عدالت کیس میں وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد سینئر وزیر خواجہ فاروق قائم مقام وزیرِ اعظم بنایا گیا ہے، نئے وزیرِ اعظم کے انتخاب تک خواجہ فاروق قائم مقام وزیر اعظم کے فرائض سرانجام دیں گے۔

Comments are closed.