عمران خان کے خلاف درج مقدمات سے متعلق پی ٹی آئی کے دعوے غلط ثابت

45 / 100

فائل:فوٹو

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ملک بھر میں کتنے مقدمات درج ہیں، اس سلسلے میں تحریک انصاف کی جانب سے کیے گئے دعوے غلط ثابت ہو گئے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے (پنجاب) اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کے خلاف ملک بھر میں مجموعی طور پر درج مقدمات کی تعداد 37 ہے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کے خلاف تقریباً 100 مقدمات کا دعویٰ کیا جاتا رہا ہے جب کہ ایف آئی اے اور پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 28 مقدمات اسلام آباد، 6 پنجاب اور ایک مقدمہ بلوچستان میں درج ہے جب کہ فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت 2 مقدمات ایف آئی اے میں درج ہیں۔

ادھر پی ٹی آئی کی دیگر لیڈرشپ اور کارکنان کے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں، اس سلسلے میں بھی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں، جن کے مطابق تحریک انصاف کی دیگر لیڈرشپ اور کارکنان کے خلاف 127 مقدمات درج  ہیں۔

تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی لیڈرشپ  اور  کارکنان کے خلاف 43 مقدمات درج ہیں جب کہ پنجاب میں پی ٹی آئی لیڈرشپ  و  کارکنان کے خلاف 84 مقدمات درج ہیں۔

Comments are closed.