زمان پارک پولیس آپریشن ،مریم نواز، رانا ثنا و دیگر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر
فائل:فوٹو
لاہور: تحریک انصاف کی جانب سے زمان پارک پولیس آپریشن کے تناظر میں مریم نواز، رانا ثنا و دیگر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی نے لاہور میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں پولیس کی جانب سے کیے گئے آپریشن پر مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، آئی جی پنجاب، سی سی پی او سمیت دیگر کے خلاف تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔
ادھر تھانہ ریس کورس پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا ہے، جس پر درخواست گزار نے سیشن عدالت میں 22 اے اور 22 بی کی درخواست دائر کردی،۔
دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب نے زمان پارک آپریشن مریم نواز اور رانا ثنااللہ کے حکم پر کیا ۔ زمان پارک آپریشن کر کے چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو واقعے پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔ عدالت مریم نواز، رانا ثنااللہ سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے ۔
Comments are closed.