تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا شیڈول جاری، کب؟ کتنے؟ کون؟ کہاں سے؟

52 / 100

لاہور: تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا شیڈول جاری، کب؟ کتنے؟ کون؟ کہاں سے؟ عمران خان کے اعلان پر عمل درآمد کا وقت آگیا کارکنوں کے گرفتاریاں دینے کا شیڈول جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جیل بھرو تحریک کا آغاز لاہور سے بدھ کو ہوگا، پشاور سے کارکن جمعرات کو گرفتاریاں دیں گے، راولپنڈی کے کارکن جمعے اور ملتان کے کارکن ہفتے اور گوجرانوالا کے کارکن اتوار کو پولیس کے حوالے کریں گے۔

سرگودھا سے پیر اور ساہیوال سے منگل کے روز گرفتاریاں دی جائيں گی لیکن جیل بھرو تحریک میں پہلے گرفتاری کون دے گا، کارکن، لیڈر یا عمران خان ؟ ابھی کچھ واضح نہیں۔

آج زمان پارک میں عمران خان سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ملاقات کی ہے جس میں سیاسی صورتحال، جیل بھرو تحریک اورعام انتخابات کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا. 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا مسلم لیگ ن اپنی روایت کے مطابق عدلیہ پر حملہ آور ہے، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر بھی عمل نہیں کیاجارہا، حکمران اتحاد عمران خان سے خوفزدہ ہے. 

ذرائع کے مطابق انھوں خبردار کیا کہ الیکشن کمیشن اور گورنرز یاد رکھیں آئین شکنی پر آئین ہی ان کے خلاف راستہ لے گا، اس لئے بہتر ہے آئین کے بتائے راستے پر چلا جائے۔

 عمران خان نے کہا حکمران آئین کو مان رہے ہیں نہ عدالتی فیصلے تسلیم کررہےہیں، پی ٹی آئی کی قیادت اورکارکنوں کےخلاف جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں، نااہل حکمران ٹولہ الیکشن سے خوفزدہ ہوکر انتقامی کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جیل بھروتحریک کے تحت ملک بھر سے پارٹی رہنما، کارکن اور عوام رضاکارانہ گرفتاریاں دیں گے، قوم خوف کےبت توڑکرمیدان میں آرہی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ نااہل ٹولے نے پہلے ملکی معیشت کو تباہ کیا، اب آئین کی پامالی کی جارہی ہے، حکمران مزید جتنے دن اقتدار میں رہیں گے ملک کو اتنا ہی زیادہ نقصان ہو گا، ملک کو درپیش معاشی بحران سے نکالنے کیلئے الیکشن ناگزیر ہیں۔

Comments are closed.