پشاور پولیس لائنز خودکش دھماکے پر پولیس جوانوں کو احتجاج پر نہ اکسایا جائے

52 / 100

پشاور: آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے اپیل کی ہے کہ پشاور پولیس لائنز خودکش دھماکے پر پولیس جوانوں کو احتجاج پر نہ اکسایا جائے اور نہ لاشوں پر سیاست کی جائیں۔

آئی جی کے پی معظم جاہ نے پشاور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ پولیس لائنز دھماکا ڈرون نہیں بلکہ خودکش حملہ تھا، جوانوں کو گمراہ کرکے سڑکوں پر نکالنے کو برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنازوں کی تدفین سے فارغ نہیں ہوئے کہ نیا طوفان کھڑا کر دیا گیا، ہم غم میں ہیں لہٰذا افواہوں سے ہمارے دکھ میں مزید اضافہ نہ کیا جائے، جوانوں کو سڑکوں پر لانا کسی صورت قبول نہیں اور ایک ایک شہید کا بدلہ لیں گے۔

معظم جاہ انصاری نے بتایا خودکش حملہ آور کی شناخت ہوگئی ہے اور اب دہشتگردوں کے نیٹ ورک کے قریب ہیں۔ دہشت گرد اکیلا نہیں تھا بلکہ پیچھے پورا نیٹ ورک تھا، خود کش حملہ آور کو ہدف دیا گیا جوکہ 12 بجکر 36 منٹ پر پولیس لائنز میں داخل ہوا۔

آئی جی کے پی نے کہا کہ خودکش حملہ آور کا پتا لگا لیا اور اسکا چہرہ بھی پتا چل گیا، خودکش حملہ آور پولیس یونیفارم میں موٹر سائیکل پر آیا جس نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا، موٹر سائیکل پر انجن اور چیسز نمبر جعلی تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل کو ڈرامہ کر کے سائیڈ پر لے کر گیا اور اس نے پولیس لائنز پہنچ کر حوالدار سے پوچھا مسجد کہاں ہے
دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آگئی ہے، خیبر روڈ سے فوٹیج میں خودکش حملہ آور کا پتہ چلا جس نے ماسک پہنا ہوا تھا.

انھوں نے کہا جائے وقوع سے خودکش حملہ آور کا ملنے والا سر اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا حملہ آور ایک ہی ہے آئی ڈی لگانے کے شواہد نہیں ملے اور جائے وقوع پر کوئی گڑھا نہیں، بم ڈسپوزل یونٹ کی رپورٹ میں دھماکا خود کش ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں ٹی این ٹی بارود استعمال کیا گیا جبکہ بلڈنگز کو گرانے والا بارودی مواد استعمال کیا گیا، زخمی احتیاط کی وجہ سے بچ گئے ان کو ملبے سے نکالا گیا۔ دھماکے میں 5 سے 10 لوگ شہید ہوئے ہوں گے لیکن زیادہ اموات ڈھائی ہزار فٹ چھت گرنے سے ہوئیں.

آئی جی نے کہا کہ 50 فٹ کا ہال تھا جس کے پلرز نہیں تھے جس کے باعث چھت گری۔ مسجد 50 سال پہلے بنی جبکہ مسجد کا کمرہ مکمل بند تھا اور پرانا ہال تھا۔5 سے 10 ہزار ٹیلی فونز کی جیو فینسنگ کر رہے ہیں البتہ 24 گھنٹے کی فوٹیجز دیکھنے کے لیے ایک دن چاہیے۔

آئی جی معظم جاہ خیبر پختونخوا نے کہا کہ جو بات کہوں گا اس پر کھڑا ہوں گا، واقعہ میری کوتاہی ہے سپاہیوں کی نہیں تھی، صوبے کے لوگوں کے سامنے ملزمان کو لاؤں گا۔

Comments are closed.