کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کےبھرپور جواب دیاجائےگا،کور کمانڈرز
راولپنڈی (ویب ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بعد پاکستان استحکام کی طرف گامزن ہے
کور کمانڈرز کا کسی بھی جارحیت کی صورت میں مادر وطن کے دفاع اور کسی بھی مس ایڈونچر کے خلاف بھرپور جواب دینے کے عزم کا اعادہ
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 220 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی جس میں جیو اسٹریٹیجک ماحول اور مشرقی سرحد کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
کور کمانڈر ز کانفرنس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس نے کسی بھی جارحیت پر مادر وطن کے دفاع اور کسی بھی مس ایڈونچر کے خلاف بھرپور جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
کور کمانڈرز نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی حمایت کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
کانفرنس میں ملک میں پائیدار امن کیلئے کوششیں جاری رکھنے اور علاقائی امن و سلامتی کیلئے تمام اقدامات کی حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بعد پاکستان استحکام کی طرف گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جس مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، اس میں سماجی و اقتصادی ترقی ہی سب سے اہم ہے اور ہتھیاروں کا استعمال صرف ریاست کی صوابدید ہے۔
Comments are closed.