شاہد خان آفریدی کا بیٹیوں سے متعلق بیان سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا
فوٹو : سوشل میڈیا
کراچی: سابق اسٹار آل راونڈر اورپاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا بیٹیوں سے متعلق بیان سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ان کی ویڈیو دیکھنے والے افراد شاہد آفریدی کے مثبت الفاظ کی تعریفیں کررہے ہیں خاص کروہ لوگ جو بچوں کی اچھی تربیت اور خاص کر بیٹیوں کے حوالے سے محتاط رویہ رکھتے ہیں ۔
تقریب کے دوران بچوں کی تربیت، تعلیم اور موبائل فون کے بڑھتے استعمال سے متعلق اہم گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹیوں کو پہلی بار موبائل فون ان کے نکاح کے بعد لے کر دیا۔
کراچی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ موجودہ دور میں والدین کو بچوں کی تربیت کے حوالے سے سنجیدگی اختیار کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ آج کل بچے کھلونوں کے بجائے کم عمری میں ہی موبائل فون کے عادی ہو رہے ہیں۔
میں نے اپنی بیٹیوں کو پہلی بار موبائل نکاح کے بعد لے کر دیا۔ میں والدین سے گزارش کروں گا کہ اس بیماری سے اپنی اولاد کو دور رکھیں۔ معروف کرکٹر شاہد آفریدی کی والدین کو نصیحت pic.twitter.com/sPx5VZ6pPq
— ترکیہ اردو (@TurkiyeUrdu_) May 13, 2026
انہوں نے کہا کہ اکثر والدین بچوں کو خاموش کرانے یا مصروف رکھنے کیلئے بہت چھوٹی عمر میں موبائل فون تھما دیتے ہیں، جو ایک غلط رجحان ہے۔ ان کے مطابق والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی اولاد کو اس عادت سے دور رکھیں اور بچوں کی شخصیت سازی پر توجہ دیں۔
“پانچ سال تک گھر کی تربیت سب سے اہم ہے”
شاہد آفریدی نے دینی اور دنیاوی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ والدین عموماً ڈھائی سے تین سال کی عمر میں بچوں کو اسکول بھیج دیتے ہیں، حالانکہ ابتدائی تربیت گھر میں ہونی چاہیے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ خود بھی ماضی میں یہ غلطی کر چکے ہیں، تاہم اب ان کا ماننا ہے کہ کم از کم پانچ سال کی عمر تک بچوں کی بنیادی تربیت والدین، خصوصاً ماں باپ، کے ذریعے ہونی چاہیے کیونکہ والدین سے بہتر استاد کوئی نہیں ہو سکتا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ مضبوط خاندانی تربیت ہی بچوں کی شخصیت، اخلاق اور مستقبل کی بنیاد بنتی ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کا غیر ضروری استعمال بچوں کی ذہنی نشوونما کو متاثر کر سکتا ہے۔
تقریب کے دوران شاہد آفریدی کا یہ انکشاف کہ انہوں نے اپنی بیٹیوں کو موبائل فون نکاح کے بعد دیا، سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گیا۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی کی دو بڑی بیٹیوں کی شادی ہو چکی ہے جبکہ پاکستان ون ڈے ٹیم کے موجودہ کپتان شاہین شاہ آفریدی ان کے داماد ہیں۔
Comments are closed.