سنو نیوز کے برطرف صحافی بحال کئے بغیر اشتہارات بحال کر دئیے گئے
فوٹو : فائل
اسلام آباد: نجی ٹی وی سنو نیوز کے برطرف صحافی بحال کئے بغیر اشتہارات بحال کر دئیے گئے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے گزشتہ روز اشتہارات بند کرنے کا اعلان کرکے تعریفیں سمیٹی تھیں آج سنو نیوز کی انتظامیہ سے ملاقات میں اشتہارات بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے.
نجی ٹی وی ”سنو نیوز“ کے سی ای او نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے ملاقات کی، بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں
میڈیا ورکرز کے حقوق، ٹی وی چینلز کو درپیش مسائل اور برطرف کئے گئے ملازمین کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا.
وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی ملاقات میں موجود تھے، ملاقات میں 114 ملازمین کو برطرف کرنے کے معاملہ پر تفصیلی گفتگو ہوئی، برطرف کئے گئے ملازمین کے واجبات فوری طور پر ادا کرنے پر اتفاق کیا.
ملاقات میں ملازمین کی تنخواہوں میں مزید کٹوتی نہ کرنے اور مزید ملازمین کو برطرف نہ کرنے اور نچلی سطح کے ملازمین بشمول ڈرائیورز اور ٹیکنیکل اسٹاف کو دوبارہ ملازمتوں پر بحال کرنے کا فیصلہ ہوا تاہم صحافی بحال نہیں ہوں گے.
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سنو نیوز کی جانب سے طے کئے گئے نکات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا، لہذا اشتہارات کی پابندی ختم کردی گئی،برطرف کئے گئے دیگر ملازمین کے لیے متبادل روزگار کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی.
عطاء اللہ تارڑ نے کہا صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، آج نیوز کی انتظامیہ کا بھی وزارت اطلاعات و نشریات سے رابطہ، کل ملاقات پر اتفاق ہوا ہے.
انھوں نے کہا کہ جن میڈیا اداروں میں مالی یا انتظامی مسائل ہیں، ان کے ساتھ مل کر معاملات حل کئے جائیں گے، کارکنوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا.
واضح رہے گزشتہ روز پی آر اے سے ملاقات میں صحافیوں نے اپنے ساتھیوں کی برطرفیوں پر احتجاج اور بحالی کا مطالبہ کیا تھا تاہم آج اس بات پر اتفاق ہوا کہ صرف غیر صحافی چھوٹے ملازمین بحال ہوں گے اور صحافیوں کو بحال کئے بغیر دوسرے ہی دن اشتہارات بندش کا فیصلہ واپس لے لیا گیا.
Comments are closed.