بھارتی جہاز کس طیارے نے گرائے؟ یہ سوال بے معنی ہے، آئی ایس پی آر
راولپنڈی (زمینی حقائق)بھارت سے حالیہ کشیدگی میں پاکستانی ایف 16 طیاروں کے استعمال کے بھارتی الزام پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ 27 فروری کا واقعہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول کے پار کارروائی پاکستانی فضائی حدود سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے کی۔
دو بھارتی طیاروں نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی تو پاک فضائیہ نے انہیں نشانہ بنایا جس کے بعد بھارتی طیاروں کو ایف 16 نے نشانہ بنایا یا جے ایف 17 نے، یہ سوال بے معنی ہے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاک فضائیہ نے دونوں بھارتی طیاروں کو اپنے دفاع میں مار گرایا، جب بھارتی طیارے آئے تو پاکستان کے ایف 16 سمیت تمام طیارے فضاء میں موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت اپنی خواہش کے مطابق ایف 16 چن لے، نتیجے پر فرق نہیں پڑتا، اگر ایف 16 استعمال ہوا تب بھی دو بھارتی طیارے ہی نشانہ بنے۔
پاکستان دفاع میں اپنی مرضی کے مطابق ہرصلاحیت کے استعمال کا حق رکھتا ہے۔
یاد رہے کہ 27 فروری کو پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے دراندازی کی کوشش کرنے پر 2 بھارتی طیارے مارے گرائے تھے۔
Comments are closed.