دور ہ قطر، مشترکہ چیلنجز متقاضی ہیں کہ تعاون کی نئی راہیں ڈھونڈیں،وزیراعظم

45 / 100

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ کورونا وبا کے بعد دنیا معاشی سست روی سے بحالی کی طرف جا رہی ہے مشترکہ چیلنجز متقاضی ہیں کہ تعاون کی نئی راہیں ڈھونڈیں۔

سماجی رابطے کی ویب ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ اپنے بھائی شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی دعوت پر آج قطر روانہ ہو رہا ہوں۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے تعلق کی تجدید ہوں گی۔ ہم اپنے تاریخی دوطرفہ روابط کو اور بھی زیادہ موثر سٹرٹیجک تعلقات میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری سے ملاقاتوں میں، میں انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع کے بارے میں آگاہ کروں گا جن میں قابل تجدید توانائی، فوڈ سکیورٹی، صنعت و انفراسٹرکچر کی ترقی، سیاحت اورمہمان نوازی کے شعبے شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس دورے کے تناظر کو سمجھنا اہم ہے۔ کورونا وبا کے بعد دنیا معاشی سست روی سے بحالی کی طرف جا رہی ہے۔ جیوپولیٹیکل کشیدگیوں نے طلب اور رسد کا عمل متاثر اور توانائی اور خوراک کی قیمتوں میں اضافے نے مسائل میں اضافہ کیا ہے۔ مشترکہ چیلنجز متقاضی ہیں کہ تعاون کی نئی راہیں ڈھونڈیں۔

Comments are closed.