پنجاب میں قومی اسمبلی کی 7اور خیبر پختونخوا میں 2 نشستیں کم ہو گئیں
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے قومی صوبائی اسمبلی کےلئے غیر حتمی حلقہ بندیاں جاری کر دی ہیں پنجاب میں قومی اسمبلی کی 7اور خیبر پختونخوا میں 2 نشستیں کم ہو گئیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان سےجاری تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں نشستیں 342 سے کم ہوکر 336 ہو گئی ہیں، قبائلی اضلاع خیبر پختونخوا میں ضم ہونے کے بعد ان کی 12 نشستیں ختم ہوئیں تاہم صوبے کو 10نشستیں دی گئیں۔
نئی حلقہ بندیوں کے حساب سے قومی اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 266 ہوگئی ہے، دوسری طرف بلوچستان میں قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 14 سے بڑھ کر 16 ہوگئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں 35 سے بڑھ کر 45 ہوگئی ہے، پنجاب کی 148 سے کم ہوکر 141 ہوگئی ہے، سندھ کی 61 برقرار ہے، وفاقی دارالحکومت کی ایک نشست بڑھ کر 3 ہوگئی ہے.
فاٹا کی 12 نشستیں ختم ہوگئی ہیں
اسی طرح مخصوص نشستوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے نئے اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں خواتین کی نشستیں تین سے بڑھا کر 4 کردی گئی ہیں۔
خیبر پختونخوا میں 8 سے 10 کردی گئی ہیں، پنجاب میں 35 سے کم کرکے 32 کردی گئی ہیں، سندھ کی 14 برقرار ہیں،اقلیتی نشستوں کی تعداد 10 برقرار رکھی گئی ہے۔
صوبوں میں نئی حلقہ بندیوں کے مطابق بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 65 ہوں گی جن میں سے جنرل نشستیں 51 ہوں گی، خیبر پختوانخوا اسمبلی میں مجموعی نشستیں 145 اور جنرل نشستیں115 ہوں گی۔
اسی طرح پنجاب اسمبلی میں مجموعی نشستیں 371 اور جنرل نشستیں297 ہوں گی جبکہ سندھ اسمبلی میں مجموعی نشستیں 168 اور جنرل نشستیں 130 ہوں گی۔
Comments are closed.