پرویز الہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد دوبارہ جمع
لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) مسلم لیگ ن نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد دوبارہ جمع کرادی گئی ہے۔
لاہور میں حسن مرتضیٰ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود نے کہا کہ پرویز الہی کے اوچھے ہتکنڈے نہیں چلنے دیں گے۔
انھوں نے کہا کہ دو ماہ سے یہ مکروہ کھیل کھیل رہے ہیں پتہ نہیں کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، اب نہیں بچیں گے نئی تحریک عدم اعتماد جمع کردی ہے۔
رانا مشہود نے کہا کہ سازشی عناصر چاہتے ہیں کہ پاکستان میں استحکام نہ آئے، ملک کو کیوں چلنے نہیں دے رہے، یہ چاہتے تھے کہ پنجاب معاشی طور پر دیوالیہ ہوجائے، عوام کو سستے آٹے اور چینی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیشہ پارلیمانی روایت رہی ہی پہلے بزنس ایڈوائزر ی کمیٹی کا اجلاس ہوتا ہے، نہیں ہوا یہ بد دیانتی ہے، پرویز الٰہی آئینی طور پر جواز کھو چکے ہیں، اسمبلی کے دروازے بند رکھے۔
انھوں نے کہا کہ اب قانون اپنا راستہ لے گا، پنجاب دشمنی عیاں ہو گئی ہے، مکروہ دھندہ عروج پر ہے، ان کا پورا زور تھا کہ کسان کو اس کے خون پسنے کی کمائی نہ ملے اور دنگا فساد ہو، یہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔
رانا مشہورد نے کہا کہ یہ روڑے اٹکاتے رہے، ہم نے آٹے اور چینی کی قیمت کم کی، تم اپنی چالیں چلتے جاؤ اور میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کرتے جاؤ، ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔
رانا مشہود نے کہا کہ پنجاب کابینہ بھی چند روز میں حلف اٹھائے گی، انشااللہ آئندہ چند روز میں گورنر پنجاب حلف اٹھائیں گے، توشہ خان کو بچانے کیلئے غیر آئینی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Comments are closed.