لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے متعلق سیاستدانوں کے بیانات انتہائی نا مناسب ہیں
فوٹو: فائل
راولپنڈی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے متعلق سیاستدانوں کے بیانات انتہائی نا مناسب ہیں، ترجمان پاک فوج نے اس حوالے سے اہم سینئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیا۔
آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایسے بیانات سپاہ اور قیادت کے مورال اور وقار پر منفی طور پر اثر انداز ہوتے ہیں پشاور کور پاکستان آرمی کی ایک ممتاز فارمیشن ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پشاور کور دو دہائیوں سے دہشتگردی کیخلاف قومی جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کررہی ہے، اس اہم کور کی قیادت ہمیشہ بہترین پروفیشنل ہاتھوں میں سونپی گئی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بہادر سپاہی اور آفیسرز وطن کی خودمختاری، سالمیت کی حفاظت اپنی جان ہتھیلی پر رکھ رہے ہیں، پشاور کور کمانڈر کے حوالے سے اہم سینئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں۔
سینئر سیاسی قیادت سے یہ توقع کی جاتی ہے، وہ ادارے کیخلاف متنازعہ بیانات سے اجتناب کریں،ترجمان پاک فوج بابر افتخار نے کہا کہ کئی بار درخواست کی فوج کوسیاست میں نہ گھسیٹیں، ہماری تمام لیڈرشپ کی اپنی ذمہ داریوں پر توجہ ہے۔
انھوں نے کہا ہماراسیاست میں کوئی عمل دخل نہیں ہے، سیاسی لیڈرشپ کی جانب سے بیانات انتہائی نامناسب ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کا طریقہ کار آئین میں وضع کیا گیا ہے، آئین وقانون کے تحت آرمی چیف کی تقرری کی جائے گی۔
Comments are closed.