وزیراعظم عمران خان کا غیر ملکی سازش کیخلاف ہرروز احتجاج کااعلان

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان کا غیر ملکی سازش کیخلاف ہرروز احتجاج کااعلان ،عمران خان نے پارٹی کارکنوں سے کہا ہے کہ غیرملکی سازش کے خلاف ہر روز احتجاج کریں تاکہ امریکہ اور غداروں کو قوم کا پیغام پہنچے۔

گورنر ہاؤس لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس وقت جو تماشا ہو رہا ہے، ضمیر فروشوں کو خریدا جا رہا ہے۔ اس سے ہماری جمہوریت، سالمیت اور بچوں کا مستقبل تباہ ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’ضمیر بیچنے والے پی ٹی آئی کے ارکان کو عدالت میں لے کر جائیں گےاور آئندہ مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دینے والوں کو ٹکٹ دیئے جائیں گے۔

عمران خان نے کہا ضمیر بیچنے والے لوگوں کو صرف نااہل ہی نہ کیا جائے بلکہ جیلوں میں بھی ڈالنا چاہیے،جب تک ان لوگوں کو عبرتناک سزائیں نہیں دی جائیں گی، ہماری جمہوریت کا سودا کرنے والے لوگ آتے رہیں گے۔

انہوں نے مبینہ بیرونی سازش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ کون سی جمہوریت ہے کہ کوئی باہر سے حکومت گرا دے،مبینہ سازش کا حصہ بننے والوں کو غدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔

عمران خان نے پی ٹی آئی ورکرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر روز حکومت کے خلاف غیرملکی سازش کے خلاف احتجاج کریں،انھوں نے کہا کہ زندہ قومیں سازشوں کے خلاف کھڑی ہوتی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ آج( منگل) اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ان ’غداروں‘ کے خلاف مظاہرے کے لیے نکلیں، اگر آج ہم نہیں نکلیں گے تو آنے والی نسلیں ہم کو معاف نہیں کریں گی۔

عمران خان نے کہا کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے، سازش کے خلاف پرامن احتجاج کرنا سب کا فرض ہے،انہوں نے لاہور میں بھی احتجاج کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر روز احتجاج ہونے چاہییں۔

Comments are closed.