عمران خان نے غریبوں کے بچوں کو بھوکا مار دیا، نوازشریف

53 / 100

لندن(ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم اور ن لیگ کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ظالم حکمران سے عوام کو نجات دلانے کا فرض ادا کرینگے، نوازشریف نےکہا مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کی مت مار دی ہے.

لندن میں مسلم لیگ ن کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو نواز شریف کا کہنا تھاایسے حالات میں کون پاکستانی ہے جو عمران خان سے نجات نہیں چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اس وقت پاکستان کا برا حال کردیا ہے عمران خان نے غریبوں کے بچوں کو بھوکا مار دیا، نوازشریف نے کہا لوگوں کو دو وقت کی روٹی کیلئے ترسا دیا ہے.

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کو پوری دنیا میں تماشا بنا دیا ہے، پاکستان کو کرپٹ ترین ملک قرار دیا گیا ہے، اسی لئے چاہتے ہیں عوام کو عمرا ن خان سے نجات حاصل ہو.

نوازشریف نے کہا کہ آج مسلم لیگ ن کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہواہے اس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن اس ظالم حکمران عمران خان سے جان چھڑانے کیلئے آگے قدم بڑھائے گی.

ان کا کہنا تھا کہ یہ عین وقت کی ضرورت ہے، میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان میں اس سے بڑھ کر کسی کام کی اہمیت نہیں ہے، سب سے اہم کام یہی ہے کہ ایسے ظالم حکمران سے عوام کو نجات دلائی جائے.

دوسری طرف مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹر پر بیان میں کہا کہ پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں تمام ممبران نے نوازشریف پر غیرمشروط اعتماد کا اظہار کیا.

انھوں نے کہا کہ نوازشریف کو تمام فیصلوں کا اختیار ہے، نوازشریف پر پارٹی قیادت نے بھرپور اعتماد اظہار کیا ہے۔ سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں عمران حکومت کو ہٹانے پر اتفاق رائے پایا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران حکومت کا ایک ایک دن عوام کی اذیت میں اضافہ کرےگا، ذرائع کے مطابق پارٹی صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو حکومت کیخلاف حکمت عملی کیلئے سیاسی جماعتوں سے رابطے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

Comments are closed.