نیا پاکستان کا مطلب ہے سوچ تبدیل کرنا، وزیراعظم


مینگورہ ، سوات( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پیسہ کسی کو خوشی نہیں دیتا،اصل خوشی اللہ کوخوش کرنے میں ہے، ملک اس لیے نہیں بنا تھا کہ ٹاٹا برلا کی طرح یہاں آصف زرداری اور نواز شریف امیر بنیں۔

یونیورسٹی آف مالا کنڈ کے نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ نے اس ملک کوکسی چیزکی کمی نہیں دی، ہمیں اپنی سوچ بدلنا ہوگی، نیا پاکستان کہتا ہوں اس کا مطلب سوچ کوتبدیل کرنا ہے، کوشش ہے قو م کو بہترین قیادت کا شعور دوں۔

انھوں نے کہا انسان اشرف المخلوقات ہے، لیکن اگر انسان صرف اپنے لیے جئے تو اس کاکوئی مقصد نہیں، لالچ کے باعث دنیا میں افراتفری مچی ہوئی ہے، انسان کو دنیا میں آنے کا مقصد سمجھنا ہوگا، شارٹ کٹ لے کرکسی انسان نے بڑا کام نہیں کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 30سال ملک کا پیسہ چوری ہوتا رہا او ر ان کو بھی نہیں پتہ کتنا پیسہ چوری ہوا، ادھر تو پیسے کے لیے باپ اور اولاد دونوں جھوٹ بولتے ہیں اور اولاد بھی ، ان کو علم نہیں پیسہ خوشی نہیں دیتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو پاکستان ڈیفالٹ کرنے جارہا تھا، تاہم دوست ممالک نے مدد کی اور ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا، ہمارا پہلا سال بہت مشکل تھا کیوں کہ ماضی کی حکومتوں کے لئے گئے قرضوں کی قسطیں دینی تھیں۔

عمران خان نے کہا ن لیگ نے ڈھائی سال میں سود کے ساتھ قرضہ 20 ہزار ارب روپے واپس کیا،اور ہم نے ڈھائی سال میں سود کے ساتھ 35 ہزار ارب کا قرضہ واپس کیا، ہمیں قرضوں کی واپسی کے لیے دولت میں اضافہ کرنا ہوگا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اب ہم مشکل حالات سے نکل چکے ہیں، ڈالر 160 سے 155 پر آگیا ہے، بڑے سرمایہ کار بنڈل جزیرے پر سرمایہ کاری کے منتظر ہیں، لیکن سندھ حکومت بنڈل جزیرے پرسرمایہ کاری کی اجازت نہیں دے رہی۔

ہم زراعت میں نئی سوچ لیکرآرہے ہیں، اکیلا زراعت کا شعبہ ہمیں ترقی کی سمت لے جاسکتا ہے، ہم بھاری زرمبادلہ کھانے کے تیل درآمد کرنیپرخرچ کرتے ہیں، دریائے سندھ کیدائیں کنارے زیتون کے درخت لگانے کے لیے بہترین جگہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سوات میں کورونا کے باوجود سیاحت کاشعبہ کامیاب رہا ، 50سال کے بعد 2 بڑے ڈیمز بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم بنارہے ہیں، ڈیم سے ڈی آئی خان میں تین لاکھ ایکڑ زمین کاشت ہوگی۔

لاہورمیں راوی سٹی کے نام سے نیا شہربنارہے ہیں، اس منصوبے سے کئی ہزار ارب کی دولت آئے گی، منصوبے میں نجی سرمایہ کاری ہے، حکومت کوایک پیسا نہیں لگانا پڑے گا۔

Comments are closed.