تھرپارکر میں ضمنی انتخاب پیپلز پارٹی کے امیر علی شاہ جیت گئے
تھرپارکر (ویب ڈیسک) این اے 221 تھرپارکر کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار امیر علی شاہ ایک لاکھ 3 ہزار502 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔
سندھ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 تھر پار کر میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار امیر علی شاہ نے ایک لاکھ 3 ہزار502 ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔
اس حلقہ کے تمام 318پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی پارٹی کے مد مقابل پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نظام الدین 50 ہزار 553 ووٹ حاصل کرسکے۔
قومی اسمبلی کی یہ نشست پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی پیر نور محمد شاہ جیلانی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی ، یہاں ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی سمیت 12 امیدوار مدمقابل تھے۔
اس حلقے میں ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 900 ہے ، جہاں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہی ، حلقے میں پولنگ سٹیشنز کی کل تعداد 318 ہے جن میں سے 95 انتہائی حساس اور 130 کو حساس قرار دیا گیا تھا ۔
سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے ، ا ور 4 ہزار پولیس اہلکاروں، ایک ہزار رینجرز کے جوانوں کو سکیورٹی پر تعینات کیا گیا اس کے باوجودشرپسندوں نے ایک پولنگ اسٹیشن کو آگ لگا دی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تھرپارکر کے علاقے کروڑوکیسر اڑسماں میں شرپسندوں نے پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوکر سامان نذر آتش کردیا اور سامان جلا دیا ، واقعے میں تین پولیس اہلکاروں کی وردیاں بھی جل گئیں، بعد میں رینجرز نے موقع پر پہنچ کر پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔
Comments are closed.