شہباز شریف بھی پی اے سی سےمستعفی ہوں، فواد چوہدری
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کو کرپشن کیخلاف بطور ڈھال استعمال کر رہے ہیں، وہ اس سے الگ ہو کر مقدمات کا سامنا کریں۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے 22 سال کرپشن کے خلاف جدوجہد کی، ان کی کرپشن کے خلاف لڑائی اپنی ذات کے لئے نہیں بلکہ عوام کے لئے تھی۔
فواد چودھری نے واضح کیا کہ کسی سے ڈیل ہوگی نہ ڈھیل دی جائے گی، کسی کو بھی این آر او ملنا ناممکن ہے۔ اجلاس میں قیادت نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بننے کے بعد شہباز شریف کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی اے سی بنتے ہی شہباز شریف نے نیب پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ ن لیگ پی اے سی کو کرپشن کے خلاف بطور ڈھال استعمال کر رہی ہے۔ خواجہ سعد رفیق کو بھی پی اے سی میں شامل کرنا کرپشن کے خلاف بطور ڈھال استعمال کرنے کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے عبدالعلیم خان کو گرفتار کیا تو انہوں نے فوری استعفیٰ دے دیا۔ اس سے پتا چلتا ہے کہ تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں کے کلچر میں کیا فرق ہے، انہوں نے استعفیٰ دے کر شاندار روایت قائم کی ہے۔
Comments are closed.