پاکستان کو جو بیماری لاحق ہے اس کا نام ہے عمران خان،مریم نواز
فوٹو : سکرین گریب
نگر، گوپس(زمینی حقائق ڈاٹ کام)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لئے بغیر کہا ہےکہ امریکا میں بد زبانوں کو اٹھاکر باہر پھینک دیا گیا اور اب پاکستان میں بدزبانوں کو اٹھاکر پھینکنے کی باری ہے۔
مریم نواز نےنگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ (ن) لیگ گلگت بلتستان میں حکومت بنانے جارہی ہے، چوتھی مرتبہ نہ صرف گلگت میں بلکہ پاکستان میں (ن) لیگ اور نوازشریف کا سورج طلوع ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کی گئی تو عوام آپ کا گھیراؤ کرے گی، دھاندلی کا فیصلہ نا مسلم لیگ (ن) مانے گی نا گلگت بلتستان کے عوام مانیں گے، مہنگائی نے گھر اجاڑ دیے آپ کہتے ہیں گھبرانا نہیں ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ ریجیکٹڈ ہوا، اب یہ جا رہا ہے اور عوام کے الیکٹڈ آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی پی سے ہمارا سیاسی مقابلہ ہے لیکن بلاول پر ذاتی حملے برداشت نہیں ہیں۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے لوگ شیر کے نشان پر مہر لگائیں جیت کر گوپس اور یاسین کو فوراً ضلعے بنا دیں گے.
غذر کے ہیڈ کوارٹر گوپس میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ جعلی حکومت کے نصیب میں عوام کی خدمت کرنا لکھا ہی نہیں ہے.
مریم نواز نے کہاعوام نوازشریف کے ساتھ ہیں موجودہ حکومت نے ہمارے اداروں کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے، عمران خان کا نام بھی نہیں لینا چاہتی، عمران خان کے ساتھی جب بولتے ہیں تو ان کے منہ سے غلاظت ٹپکتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ان کو صرف ایک ہی کام آتا ہے اور وہ صرف انتقام ہے۔ یہ لوگ نوازشریف کی حسد میں بہت آگے جا چکے ہیں۔ عوام نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں، نوازشریف سے محبت کا رشتہ گلگت بلتستان کے پہاڑوں جتنا بلند ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن والے دن کوئی بھی عورت گھر پر نہ بیٹھے بلکہ اپنے عزیز رشتے داروں کو بھی پولنگ سٹیشنز ساتھ لے کر جائیں اور مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں۔
انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کے بعد گوپس اور یاسین کوضلع کادرجہ دیں گے آپ نے پولنگ والے دن شیر کے نشان پر مہر لگانی ہے.
سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان کی تعریف کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا حفیظ الرحمان نے نوازشریف کے سپاہی کی طرح پارٹی اور عوام کی خدمت کی ہے.
انہوں نےکہا کہ گلگت میں چاہے سڑکیں ہوں، کینسر اسپتال ہو یا پل ہوں، یہ سب نواز شریف اور (ن) لیگ نے بنایا ہے اور گلگت والوں کی تکلیف کو آسان کردیا ہے، گلگت میں انفرا اسٹرکچر بھی (ن) لیگ نے دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکسان کو آج جتنی بیماریاں لاحق ہیں، چاہے روٹی 30 روپے کی ہو، بجلی گیس کی قیمت میں اضافہ ہو، تمام مسائل کا ایک ہی حل ہے جس کا نام نواز شریف اور ن لیگ ہے.
انہوں نے کہا کہ اس حکومت کو ایک ہی کام آتا ہے جس کا نام انتقام، بدزبانی اور نوازشریف سے حسد ہے، عمران خان جیسے شخص کا نام لینے پر بھی تکلیف ہوتی ہے، اس کا نام بھی لینا نہیں چاہتی، میری مجبوری ہے کہ مجھے عوام کے مجرم عمران خان کا نام لینا پڑتاہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو آج جو بیماری لاحق ہے اس کا نام عمران خان ہے، دنیا میں کووڈ 19 اب آیا لیکن پاکستان میں 2018 میں یہ بیماری آگئی تھی جو ماسک پہننے سے نہیں جائے گی بلکہ اٹھاکر باہر پھینکنے سے جائے گی.
انھوں نے کہا کہ اس بیماری نے ہماری وفاق کی اکائیوں، معیشت اور اداروں کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا، اس حکومت کا احتساب کرنا ہے اور یوم احتساب قریب آرہا ہے۔
Comments are closed.