غلام نہیں رہنا، عزت سے زندگی جینے کا فیصلہ کرلیا، نوازشریف
لاہور( ویب ڈیسک ) برطانیہ میں مقیم سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں غلام بن کر نہیں رہ سکتا بلکہ پاکستانی بن کر رہنا چاہتا ہوں انھوں کہا ہے کہ عزت کی زندگی جینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نواز شریف ویڈیو لنک پر مسلم لیگ (ن)کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی)کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تو ہم انگریزوں کی غلامی سے نکل کر اپنوں کی غلامی میں آ گئے ہیں۔ ہم آزاد شہری نہیں ہیں، اپنے اپ سے پوچھے کیا اپ ازاد شہری ہیں؟
انھوں نے کہا وہ وقت دور نہیں جب تمام چیزوں کا حساب دینا ہوگا۔ دوٹوک فیصلہ کیا ہے کہ ذلت کی زندگی ہم نہیں جی سکتے۔ ظلم، زیادتیوں کے خلاف کھڑے ہونے کا قوم نے فیصلہ کرلیا تو تبدیلی سالوں میں نہیں چند مہینوں اور ہفتوں میں آجائے گی۔
ن لیگ کی سی ای سی میں مریم نواز، احسن اقبال، شاہد خاقان، محمد زبیر، راجہ فاروق شریک ہوئے۔ اجلاس میں شہباز شریف کی گرفتاری سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور، درپیش حالات کے پیش نظر سیاسی حکمت عملی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
اپنے اراکین اسمبلی سے نواز شریف نے سوال کیا کہ جس پارلیمنٹ کے آپ کے رکن ہیں وہ کتنی خود مختار ہے۔ مجھے لوگوں سے پتہ چلتا ہے کہ اس پارلیمنٹ کو کوئی اور چلا رہا ہے۔ دوسرے لوگ پارلیمنٹ میں آ کر بتاتے ہیں کہ آج ایجنڈا کیا ہو گا۔ پارلیمنٹ کو ربڑ اسٹیمپ بنا دیا گیا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا شہبازشریف کیساتھ سلوک پردکھی ہوں، ہمارے بچوں کے ساتھ جو سلوک ہورہا ہے، تاریخ میں ایسا سیاہ رویہ نہیں ہوا، جو کچھ ہو رہا ہے اس سے ہمارے جذبے مزید بڑھے ہیں، اور ہم اپنی جدوجہد مزید تیزکریں گے۔
نواز شریف نے کہا جسے لائے ہیں اس کا ذہن خالی ہے، پچھتا تو رہے ہوں گے، آپ لائے، آپ کو ہی جواب دینا ہوگا۔ یہ بندہ تو قصور وار ہے ہی لیکن لانے والے اصل قصور وار ہیں، اس کا جواب بھی انہیں دینا ہوگا۔ پی ڈی ایم کا فیصلہ ہے کہ اس کا جواب دینا ہوگا۔
اجلاس سے خطاب میں نواز شریف نے کہا اب روزانہ بنیادوں پر پارٹی کو دستیاب رہوں گا، پارٹی جو فرض سونپے گی، ادا کروں گا آپ کی مشاورت کا منتظر ہوں کہ ان مقاصد کے حصول کے لئے کیا حکمت عملی ہونی چاہئے ۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے مشکلات کے سامنے سرنہیں جھکایا، ہمارے بیانیے کو تقویت دینے میں کردار ادا کیا، اور وفاداری و نظریاتی وابستگی کی مثال قائم کی، مشکل کو برداشت کرکے کردار اد اکریں گے تو قوم کو تمام مصیبتوں سے نجات مل جائے گی۔
Comments are closed.