اربوں روپے فنڈزکاآڈٹ، ایرا ختم کردینا چائیے، قائمہ کمیٹی بکریال معاملے پربرہم

اسلام آباد(ولید بن مشتاق)نیو بالاکوٹ سٹی بکریال سے متعلق ایرا کی رپورٹ پرچیئرمین قائمہ کمیٹی برہم ہو گئے اور کہاسپریم کورٹ کے واضح فیصلہ کے باوجود متاثرین ریڈزون کو پلاٹ الاٹمنٹ کیوں نہ ہوئے۔ارکان کمیٹی نے بھی استفسار کیا کہ اربوں روپے بالاکوٹ کے لیے آئے، پیسہ کہاں گیا.

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کا اسلام آباد میں نیو بالاکوٹ سٹی بکریال کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ ایرا کے نمائندے کی جانب سے جھوٹ پر مبنی پلندہ اجلاس میں پیش کرنے پر چیئرمین قائمہ کمیٹی جنید اکبر خانو ممبران قومی اسمبلی حاجی صالح محمد خان علی خان جدون سجاد اعوان سمیت اراکین قومی اسمبلی ایرا پر برس پڑے۔

قائمہ کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ ایرا نامی ادارے کو ختم کرنا ضروری ھو گیا ھے سپریم کورٹ کے واضح فیصلہ کے باوجود ابھی تک متاثرین ریڈزون کو پلاٹ الاٹمنٹ کیوں نہ ہوئے۔ چیئرمین سٹیینڈنگ کمیٹی جنید اکبر خان نے کہا کہ آپ لوگ سٹینڈنگ کمیٹی کو مذاق سمجھتے ہیں سرکار کے مال کی لمبی لمبی گاڑیاں رکھی ہوی ہیں پٹرول ضائع کرنے اور تنخواہیں لینے کے علاوہ آپ نے کیا کیا ہے؟

جنید اکبر کا کہنا تھا کہ ہم لوگ عوام کو جوابدہ ہیں آپ کو اس طرح من مانیاں نہیں کرنے دیں گے۔ آئندہ اجلاس میں تمام گاڑیوں کی ڈیٹیل ٹی اے ڈی اے مراعات اور تنخواہوں کی تفصیل بھی دینی ہو گی ۔ نیو بالاکوٹ سٹی کسی پرائیویٹ فرم کو دینا ھو گا تاکہ متاثرین بالاکوٹ کو پلاٹوں کی صورت میں ان کا حق مل سکے۔

حاجی صالح محمد خان نے کہا کہ بالاکوٹ کے لوگ اب شاہراہ کاغان بند کریں گے ایرا نے یہ پراجیکٹ مکمل نہیں کرنا اگلی میٹنگ میں فیصلہ کریں ایرا سے ریکوری کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ایرا نے گزشتہ پندرہ سالوں میں انتہائی غیر زمہ داری کا مظاہرہ کیا بالاکوٹ ریڈزون کے لوگ ابھی تک شیلٹروں میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں.

انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس کے واضح فیصلہ کے بعد بھی ایرا نے لیت ولعل سے کام لیا اربوں روپے بالاکوٹ کے لیے آئے پیسہ کہاں گیا؟ ایرا کا آڈٹ کروایا جائے۔ علی خان جدون ایم این اے نے کہا کہ ایرا نے تماشا لگایا ہوا ہے ایک میٹنگ میں ایک آفیسر دوسری میں دوسرا آفیسر پہلے دوسرے سے نابلد لہذا اگلی میٹنگ میں چیئرمین ایرا خود شریکِ ہوں اور کمٹمنٹ کریں۔

ممبر سٹینڈنگ کمیٹی عبدالشکور نے کہا کہ وزارت کی موجودگی میں ایرا سمیت دیگر اتھارٹیز کی ضرورت ہی کیا ہے انہیں ختم کیا جائے چیئرمین سٹیینڈنگ کمیٹی جنید اکبر خان نے اجلاس میں شریک ایرا نمائندہ کی سخت سرزنش کرتے ہوے الفاظ کے گورکھ دھندے پیش کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ اجلاس میں مکمل تفصیلات کے ساتھ آنے کی ہدایت بھی کی۔

Comments are closed.