عمران خان پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم منتخب
اسلام آباد(ویب ڈیسک )عمران احمد خان نیازی پاکستان کے بائیسویں وزیراعظم منتخب ہو گئے۔
قومی اسمبلی میں وزارت عظمیٰ کیلئے ہونے والے انتخابی مرحلے میں عمران خان نے 176 ووٹ حاصل کئے، مد مقابل مسلم لیگ ن کے شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے ۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں اجلاس ہوا۔اس دوران پیپلز پارٹی کے ارکان اپنی نشستوں پر براجمان رہے اور انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا۔
جماعت اسلامی کاایک رکن بھی ایوان میں موجود تھا لیکن ووٹ نہیں ڈالا۔۔ مسلم لیگ ن کے کچھ ارکان بار بار آکر پیپلز پارٹی کے اراکین کو ووٹ ڈالنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن یہ کوششیں کامیاب نہ ہوئیں۔
قومی اسمبلی میں نئے قائد ایوان چننے کے لیے رائے شماری کا عمل مکمل ہونے پر سپیکر اسد قیصر نے نتیجہ کااعلان کیا اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان 176 ووٹ لے کر وزیراعظم پاکستان منتخب ہو گئے ۔
وزیراعظم کے انتخاب کے بعد مسلم لیگ ن کے ارکان نے احتجا ج اور نعرہ بازی شروع کردی جس کے سبب قومی اسمبلی کی کارروائی کافی دیر تک تعطل کاشکار رہی۔
Comments are closed.