محبت کا پیغام لےکر آیا ہوں، نوجوت سنگھ سدھو

لاہور(ویب ڈیسک ) بھارت کے سابق کرکٹر اور موجودہ سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو منتخب وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔

نوجوت سنگھ سدھو براستہ واہگہ بارڈر پہلے لاہور اور پھر اسلام آباد پہنچے جہاں وہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں ہفتے کو شرکت کریں گے۔

لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی جمہوریت میں آنے والی تبدیلی بہت اچھی ہے۔سابق کرکٹر نے کہا کہ اپنے دوست کی دعوت پر پاکستان آیا ہوں اور یہاں دعوت پر محبت کا پیغام لیکر آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اور فنکار فاصلے مٹاتے ہیں اور ایک دوسرے کو آپس میں جوڑتے ہیں۔نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ میں اپنے دوست عمران خان کیلئے ایک شال لایا ہوں۔

نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیے جانے کو اعزاز قرار دیا اور بھارتی میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کے باوجود انہوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔

Comments are closed.