قومی و صوبائی،37 حلقوں میں ضمنی الیکشن 14اکتوبر کو ہوں گے

اسلام آباد(ویب ڈیسک)الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا، ملک بھر کے 37 قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات14اکتوبر کو ہونگے۔

الیکشن کمیشن کے جاری شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران 27 اگست کو پبلک نوٹس جاری کریں گے، امیدوار 28 اگست سے 30 اگست تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔

امیدواروں کے ناموں کی فہرست 31 اگست کو جاری کی جائے گی جبکہ امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال 4 ستمبر تک ہو گی، ریٹرننگ افسران کے فیصلوں پر اپیل 8 ستمبر تک دائر کی جاسکیں گی۔

اپیلٹ ٹربیونل 13 ستمبر تک اپیلوں پر فیصلے کریں گے، اس کے بعد امیدواروں کی نظرثانی شدہ لسٹ 14 ستمبر کو جاری ہوگی، امیدوار اپنے کاغذات 15 ستمبر تک واپس لے سکیں گے ۔

امیدواروں کو انتخابی نشانات 16 ستمبر کو جاری کیے جائیں گے، قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلی کے 26 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہونگے۔

، وزیراعظم عمران خان کے خالی کیے ہوئے چار حلقوں این اے 35،این اے 53 ،این اے 131،این اے 243 میں بھی ضمنی انتخاب ہو گا۔

اسکے علاوہ این اے 56،این اے 60، این اے 63،این اے 65،این اے 69 ، این اے 103،این اے 124میں ضمنی انتخاب ہو گا، پنجاب اسمبلی کے 13،خیبرپختونخواہ اسمبلی کے 9 ،سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے 2،2 حلقوں میں پولنگ ہو گی۔

Comments are closed.