احسن اقبال نے ریحام خان کی مریم نواز سے ملاقات کروائی، فواد چوہدری
فائل فوٹو
اسلام آباد(ویب ڈیسک)عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب تو ابھی آئی نہیں لیکن چرچے جاری ہیں، اب فواد چوہدری نے اسے احسن اقبال اور مریم نواز کی کوششوں کی تخلیق قرار دے دیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کہتے ہیں حقیقی اپوزیشن کی آواز دبانے کیلئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال سے مل کرگائیڈ لائن لی گئی اور سابق وزیر داخلہ نے ریحام اور مریم نواز کی ملاقات کا بھی انتظام کیا ۔۔
پی ٹی آئی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں دعوی کیا گیا ہے کہ ریحام خان کب، کہاں، کس سے، کس کے ذریعے ملی، ساری کہانی سامنے آ گئی ہے ۔
فواد چوہدری نے ریحام خان اور سابق وفاقی وزیر داخلہ کے درمیان ای میل کی تصاویر سماجی میڈیا کی ویب سائٹ پر ڈال دی ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ ریحام خان کی ملاقاتوں کے سارے ثبوت مل گئے ہیں۔
ریحام خان سابق نااہل وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے ملیں، ملاقات کا اہتمام احسن اقبال نے کروایا۔ناقابل تردید دستاویزی شواہد نے ساری سازش کا پول کھول دیا ہے ۔
ادھرسابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے پی ٹی آئی کے الزامات من گھڑت اور ای میل لانا انتہائی شرمناک قرار دیا ہے۔
احسن اقبال نے سماجی ویب سائٹ پر بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ شادی سے قبل ریحام خان کے ساتھ انٹرویو میں ملاقات ہوئی تھی ،میں نے ریحام خان کی کسی کے ساتھ ملاقات نہیں کروائی ہے۔
احسن اقبال نے واضح کیا ہے کہ میری ریحام خان سے سٹوڈیو کے علاوہ کہیں ملاقات نہیں ہوئی ہے۔
Comments are closed.