میرا جسم میری مرضی،ماروی سرمد، خلیل الرحمٰن قمر تپ کر سورج بن گئے
فوٹو : فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)ماروی سرمد کو زید حامد، جے یو آئی رہنما حمداللہ سمیت کئی لوگوں سے ٹی وی ٹاک شوز میں الجھنے کے بعد گزشتہ روز معروف ڈرامہ نویس خلیل الرحمان قمر سے لڑائی مہنگی پڑ گئی بلکہ گالی سننی پڑگئی.
روشن خیال برادری نے ہمیشہ کی طرح ماروی سرمد کی بدزبانی پر بات کرنے بجائے خلیل الرحمٰن قمر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا، ماروی کی طرح خلیل الرحمٰن قمر کو بھی بھونڈے انداز میڈیا اور سوشل میڈیا کا موضوع بننا برا نہیں لگتا.
ماروی سرمد کی طرح خلیل الرحمٰن قمر بھی پہلے ایک انٹرویو میں خواتین کی مردوں سے برابری پر متنازعہ گفتگو کرکے موضوع بحث رہے ہیں جبکہ ڈرامہ سیریل، میرے پاس تم ہو، میں دو ٹکے کی عورت کا مکالمہ بھی ان پر تنقید کا سبب بنا تھا.
گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی ٹاک شو میں ماروی اور خلیل میں لڑائی ہوئی، میزبان کے روکنے کے باوجود دونوں نے ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری جاری رکھی، خلیل الرحمٰن قمر کے نازیبا جملے مائیک قریب ہونے کے باعث واضح سنے گئے جبکہ ماروی بھی بولتی رہیں مگر مائیک دور ہونے پر ان کی آواز نمایاں نہیں سنی جاسکی.
ٹاک شو میں تجزیہ کار ماروی سرمد نے خلیل الرحمان قمر کی بات کاٹ کر کچھ کہنے کی کوشش کی تو ڈرامہ نویس کا لہجہ سخت اور آواز بلند ہوگئی۔ سینکڑوں سوشل میڈیا صارفین نے پروگرام کا ویڈیو کلپ ٹوئٹر پر شیئر کر کے اس پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
دوسری طرف ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے خلیل الرحمان قمر سے کہا ہے کہ وہ اپنے رویے پر غیر مشروط معافی مانگیں۔ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں ایچ آر سی پی نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی اس کا نوٹس لے اور ذمہ داروں کو سزا دے۔
ٹاک شو کا موضوع تھا ’عدالت نے عورت مارچ کی مشروط اجازت دے دی‘ خلیل الرحمان قمر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوال تو سب سے پہلے یہ ہے کہ عدالت نے منع کر دیا ہے کہ عورت مارچ میں ’میرا جسم میری مرضی‘ کے غلیظ اور گھٹیا نعرے کو منہا کر دیا جائے، میں اس کروفر کے ساتھ ماروی سرمد کو سنتا ہوں تو میرا کلیجہ ہلتا ہے۔
اس دوران ٹیلی فون لائن پر موجود ماروی سرمد نے کچھ کہنا چاہا تو خلیل الرحمان قمر نے سخت لہجے میں ٹوکا کہ بیچ میں مت بولیے۔ ماروی سرمد نے بھی دوبارہ کہا کہ ’میرا جسم میری مرضی۔ تو خلیل الرحمان قمر نے ان کو اونچی آواز میں مخاطب کرتے ہوئے جواب میں ذاتی نوعیت کے جملے کہے۔
ڈرامہ نویس نے سخت جملوں کے بعد ماروی سرمد کو شٹ اپ کہہ دیا جس کے جواب میں ماروی سرمد نے خلیل الرحمان قمر کو ’یو شٹ اپ‘ کہا۔ایک منٹ 52 سیکنڈز کے اس ویڈیو کلپ پر صارفین نے نجی ٹی وی چینل کی نشریات آن ائیر ہونے پرانتظامیہ اور پروگرام کی میزبان خاتون کو تنقید کا ہدف بنایا ہے.
تجزیہ کار رضا رومی نے لکھا ہے کہ وہ ماروی سرمد سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ شرمناک اور ناقابل قبول ہے۔ رضا رومی کے مطابق خلیل الرحمان قمر کو مدد کی ضرورت ہے اور کم از کم ٹی وی چینلز کو اس شخص کو سکرین سے دور رکھنا چاہیے۔
Comments are closed.