فیصل واڈا کا فوجی بوٹ کاشف عباسی کوپڑ گیا، 60 دن پابندی عائد
فوٹو : سکرین گریب
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)ٹی وی پروگرام میں وفاقی وزیر کا فوجی بوٹ میز پر رکھنا سیاسی جماعتوں کاتو کچھ نہ بگاڑ سکا البتہ یہ بوٹ پروگرام کے میزبان کاشف عباسی کو بھاری پڑ گیا، پیمرا کاشف عباسی پر 60 دن کی پابندی عائد کر دی.
پیمرا کی طرف سے جاری حکمنامہ کے مطابق کاشف عباسی 60 دن تک پروگرام کر سکیں گے نہ بطور تجزیہ کار کسی اور ٹی وی پروگرام میں شامل ہو سکیں گے۔
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نےآر وائی ٹی وی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں وفاقی وزیر فیصل ووڈا کی طرف سے ٹاک شو کے دوران فوجی بوٹ میز پر رکھنے کے واقعہ پر ایکشن لیا ہے.
پیمرا کے حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے میزبان کا رویہ نہایت غیر پیشہ وارانہ تھا۔ وہ ایک وفاقی وزیر کی طرف سے ایک ریاستی ادارے کے خلاف ہتک آمیز رویہ پر مسکراتے رہے اور دوسرے شرکا کے اٹھ کر چلے جانے کے باوجود انہوں نے پروگرام جاری رکھا۔
واضح رہے دو دن قبل نجی ٹی وی چینل کے لائیو پروگرام میں جب وفاقی وزیر فیصل ووڈا نے جوتا میز پر رکھا تو اس وقت پروگرام میں پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ نون کے سینیٹر جاوید عباسی اپنی جماعتوں کی نمائندگی کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر کی اس حرکت پر وہ دونوں رہنما پروگرام سے اٹھ کر چلے گئے۔ پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے فیصل ووڈا کی اس حرکت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ذھین انسان ہیں جس نے ایک ہی جھٹکے میں فوج ، پی ٹی آئی عمران خان اور اپوزیشن سب کو رگڑا مار دیا ۔
فیصل ووڈا کراچی میں چینی قونصلیٹ کے پاس دھماکے میں خودکار اسلحہ لے کر پہنچ گئے تھے جبکہ بالا کوٹ میں بھارتی بمباری کی جگہ پر منع کئے جانے کے باوجود بالا کوٹ جا کر گن لہرانے لگے تھے۔ ستائیس فروری کو گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے گرے ہوئے طیارے پر تصویر بنوانے پہنچ گئے تھے۔
اپنی انتخابی مہم کے دوران ووٹرز کے ساتھ ناقابل یقین وعدے کئے۔ اس سے قبل وہ ایک چینل پر کہا اور لکھ کے دیا کہ 4 ہفتوں میں اتنی ملازمتیں ہونگی کہ باہر سے لوگ بلانے پڑیں گے ۔
دوسری طرف سوشل میڈیا پر فیصل واڈا کی طرف سے بوٹ میز پر رکھنے اور ان کے تبصرے پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے اور خود پی ٹی آئی رہنما بھی اس ایکشن کا دفاع نہیں کر رہے.
Comments are closed.