وزیراعظم عمران خان آج کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان آج سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک دیو جی کے 550ویں جنم دن کے موقع پر کرتارپور راہداری منصوبہ کا افتتاح کریں گے۔

گزشتہ دو تین دنوں سے بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کےلئے آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

جنم دن کی تقریبات میں 10 ہزار سے زائد سکھ یاتری شرکت کریں گے۔ کرتارپور راہداری کی تعمیر کے بعد روزانہ5 ہزار سکھ یاتری گورودوارہ دربار صاحب کی یاترا اور وہاں اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں گے۔

یہ شاندارمنصوبہ خطہ میں قیام امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کےلئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر شروع کیا گیا اوراس کےلئے فنڈز مکمل طور پر پاکستان نے فراہم کئے ہیں اور یہ سکھ برادری کےلئے ایک تحفہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے راہداری کے افتتاح اور گوروجی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لئے پاسپورٹ کی شرط عارضی طور پر ختم کر دی ہے جبکہ 2 دن کیلئے سروس چارجز کی بھی چھوٹ دی گئی ہے۔

راہداری کا مقصد سکھ برادری کو پاک۔بھارت سرحد سے محض 4 اعشاریہ 7 کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع گردوارہ دربار صاحب کی یاترا میں آسانی پیدا کرنا ہے۔

یاتریوں کی سہولت کیلئے حکومت پاکستان نے خصوصی ٹرینیں بھی چلائی ہیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

کرتارپور گوردوارہ میں سکھ یاتریوں کی رہائش کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور کمپلیس کے اندر لنگر خانہ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

یاتریوں کی بائیو میٹرک رجسٹریشن کیلئے سو سے زائد کاﺅنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ حکومت پاکستان نے تقریباً 800 ایکڑ اراضی حاصل کرکے گوردوارہ کی انتظامیہ کو تحفہ کے طور پر دی ہے.

اس میں سے 42 ایکڑ اراضی گوردوارہ کمپلیکس کی تعمیر کیلئے مختص کی گئی ہے جبکہ 62 ایکڑ اراضی لنگر خانہ کی ضروریات پوری کرنے کیلئے زرعی مقاصد کیلئے استعمال ہوگی۔

کمپلیکس کے احاطہ میں ایک میوزیم بھی قائم کیا گیا ہے جہاں پر سکھ برادری کے مذہبی رہنماﺅں کی تصاویر اور سکھ مذہب کی تاریخ کو اجاگر کیا گیا ہے۔ طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے 12 بستروں کا ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے۔

کمپلیکس کے اندر سکیورٹی کی صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے تقریباً 250 کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ 1500 اہلکار یاتریوں کی سہولت کیلئے فرائض انجام دیں گے۔ یاتریوں کی سہولت کیلئے منی ایکسچینج آﺅٹ لیٹ اور سووینیئر شاپس بھی قائم کی گئی ہیں۔

باباگورنانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والے سکھ یاتریوں نے کہا کہ ہم پاکستان کا یہ احسان کبھی نہیں بھلا سکتے، دنیا میں بسنے والے ہر سکھ کے دل میں گورو دھرتی کی محبت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے اور ہر کوئی کرتارپور یاترا کےلئے بے چین ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کےلئے کسی جنت سے کم نہیں، کرتارپور صاحب کے درشن کرکے آنکھوں کو سکون محسوس ہو رہا ہے، اتنی قلیل مدت میں ہونے والے شاندار تعمیر دنیا میں کسی عجوبے سے کم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر مسلموں کو جو مذہبی آزادی حاصل ہے وہ کسی دوسرے ملک میں نہیں، سکھوں کےلئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی کاوشوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

550ویں جنم دن کے موقع پر کرتارپور راہداری سکھوں کےلئے ایک انمول تحفہ ہے، ہمارے تمام گوردواروں کو سجایا گیا ہے جبکہ گوردوار جنم استھان کی خوبصورتی دیدنی ہے۔

Comments are closed.