وزیراعظم کی چیئرمین سی ڈی اے کودھرنا شرکاء کی ہر ممکن مدد کی ہدایت

اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سی ڈی اے کو آزادی مارچ کے دھرنے کے شرکاء کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کردی ۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا کہ انہوں نے چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ فوراً دھرنے کے مقام کا دورہ کر کے بارش اور بدلتے موسم کے باعث شرکاء کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں ۔

مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اسلام آباد آنے والے دھرنا کے شرکاء گزشتہ 6 روز سے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن کے میٹرو ڈپو گراؤنڈ میں موجود ہیں اور رات سے بارش ہو رہی ہے.

آزادی مارچ کا قافلہ 27 اکتوبر کو کراچی سے روانہ ہوا تھا جو مختلف شہروں سے ہوتا ہوا 31 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچا تھا۔

اسلام آباد میں بارش اور تیز ہوائیں چلنے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہےجس کی وجہ سے دھرنے کے شرکاء کی مشکلات میں اضافہ بھی ہوا اور کئی عارضی خیمے بھی تیز ہواؤں کی وجہ سے اڑ گئے۔

اسلام آباد میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث موسم سرد ہوگیا جس سے آزادی مارچ کے شرکاء کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

بارش کے دوران تیز ہوائیں چلنے سے آزادی مارچ کے شرکاء کے کئی خیمے بھی اکھڑ گئے، کارکن بارش سے بچنے کے لیے کنٹینرز کے داخل ہو گئے کچھ قریبی پٹرول پمپ اور عمارتوں کی اوٹ کھڑے رہے.

دھرنا میں شامل دیگر شہروں سے آنے والے اپنے عزیزوں یادوستوں کے پاس چلے گئے مگر کافی تعداد میں موجود لوگوں نے دھرنا میں ہی قیام کیا، کچھ اوپر پلاسٹک ڈال کر لیٹ گئے.

ادھر تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے اس حوالے سے ٹوئٹ کیا ہے کہ اسلام آباد میں آج موسم سرد ہے اور بارش بھی ہوئی جبکہ آزادی مارچ کی قیادت گھروں میں آرام کر رہی ہے جو کہ افسوس کا مقام ہے۔

Comments are closed.