پاکستان کا بھارتی وزیراعظم کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار


فوٹو: اسکرین گریب

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا.

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ نریندر مودی کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ‘ہندوستان سے درخواست آئی تھی کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی جرمنی جانا چاہ رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے وہ 20 ستمبر کو جانے کیلئے اور 28 ستمبر کو واپسی کیلئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنا چاہ رہے تھے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ‘پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارت کا رویہ سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعظم ہندوستان کو اجازت نہیں دی جائے گی اور اس سے بھارتی ہائی کمیشن کو آگاہ کردیا گیا ہے’۔

یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔اس کے قبل جون میں پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی تھی۔

رواں ماہ 7 ستمبر کو پاکستان نے بھارتی صدر کی جانب سے فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی تھی۔

Comments are closed.