کشمیریوں سے اظہار یکجہتی،پوری قوم سڑکوں پر نکل آئی،احتجاجی مظاہرے، ریلیاں
اسلام آباد(ویب ڈیسک)آج ملک بھر میں وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر کراچی سے خیبر تک پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے باہر نکل آئی، احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
طے شدہ شیڈول کے مطابق دوپہر 12 بجتے ہی وزیراعظم عمران خان اور کابینہ اراکین سمیت دیگر شخصیات وزیراعظم سیکریٹریٹ کے سامنے جمع ہو گئے جہاں سائرن بجائے گئے جس کے بعد پاکستان اور کشمیر کا قومی ترانہ پڑھا گیا۔
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر دوپہر 12 سے ساڑھے 12 بجے تک ٹریفک بھی روک دی جب کہ ٹرینیں بھی ایک منٹ کے لیے روکی گئیں۔
اسلام آباد میں دن 12 بجے سے آدھے گھنٹے کے لیے ٹریفک سگنل سرخ رہے جس کے باعث شہر بھر میں ٹریفک رکا گیا۔
‘کشمیر آور’ کی مرکزی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور میں بطور سفیر کشمیر کا مسئلہ دنیا کے ہر فورم پر اٹھاؤں گا۔
انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے پتھر کا جواب اینٹ سے دیں گے، پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم جنگ کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر ملک کے دیگر شہروں میں بھی مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے عوام اپنی مصروفیات چھوڑ کر باہر نکلے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر عوامی نمائندوں نے اپنے حلقوں میں احتجاج کی قیادت کی جب کہ احتجاجی ریلیوں میں سول سوسائٹی اور طلباء کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تقریب کا اہتمام کیا جس میںچئیرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین کشمیر کمیٹی اور ارکان پارلیمنٹ اور افسران و ملازمین شریک ہوہے۔
اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا، سائرن بجایا گیا اور کشمیر کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
ادھرکراچی کے مختلف علاقوں میںبھی ریلیاں نکالی گئیں۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی کراچی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔
راولپنڈی میں کمشنر آفس کے باہر کشمیر ڈے کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیر ریلوے شیخ رشید سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
لاہور میں وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جب کہ وزیر خواندگی راجہ راشد حفیظ، وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید اور فیاض الحسن چوہان کی زیر قیادت بھی مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔
لاہور چیمبر کے زیر اہتمام بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جس میں صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کشمیری عوام سے یکجتی کے لیے پاکستان ریلوے لیبر یونین نے لوکو انجن شیڈ میں بھارتی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
لاہور کے ارفع کریم ٹاور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی شو کا انعقاد کیا گیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔
ایبٹ آباد،پشاور، کوئٹہ، بنوں، فیصل آباد، ملتان، گجرانوالہ، جہلم، اٹک، بہاولپور، روہٹری، سکھر اور حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔
Comments are closed.