وزیراعظم کی اپیل پر آج بارہ بجےپورا ملک جام ہو جاہے گا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) آج وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر ملک بھر کے عوام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو واضح پیغام بجھوانے کیلئے گھروں سے نکلیں گے۔

دوپہر 12 سے ساڑھے 12 بجے تک ٹریفک کو بھی روک دیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان وزیراعظم سیکریٹریٹ کے سامنے اجتماع کی قیادت کریں گے جبکہ ملک بھر کے تمام اضلاع میں بھارتی ظلم کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

‘کشمیر آور’ کی مرکزی تقریب شاہراہ دستور پر ہوگی جہاں وزیراعظم عمران خان ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ پہنچیں گے۔ وزیراعظم پارلیمنٹ ہاؤس کے لان میں طلبہ اور نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی کال پر پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جمعے کو سڑکوں پر نکلے گی۔

ملک بھر میں جمعہ کے روز دن بارہ بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک کشمیر آور منایا جائے گا۔ سرکاری پروگرام کے مطابق دن کے 12 بجتے ہی وفاقی دارالحکومت کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک سگنل سرخ ہو جائیں گے اور قومی ترانے کے ساتھ کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا جائے گا۔

بارہ بجتے ہی تمام شاہراہوں پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بھرپور احتجاج کیا جائے گا جب کہ سرکاری ملازمین دفاتر سے نکل کر ڈی چوک میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

وزراء اور تحریک انصاف کے قائدین بھی ڈی چوک میں جمع ہوں گے۔دوسری جانب حکومت نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی سال کے آغاز پر بلایا گیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی مؤخر کر دیا ہے۔

ملک بھر کے تمام اضلاع میں احتجاج کیا جائے گا، احتجاج کیلئے جگہ کے تعین کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر عوامی نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کی قیادت کریں گے جبکہ احتجاج کیلئے سول سوسائٹی اور طلباء کو بھی دعوت دی گئی ہے۔

ملک بھر میں تمام ٹرینیں بھی ایک منٹ کیلئے رک جائیں گی
وزیراعظم کی جانب سے کشمیریوں سے یکجہتی کی اپیل پر وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملک میں چلنے والی تمام 138 ٹرینیں ایک منٹ کیلئے روکنے کا اعلان کردیا۔

بارہ سے ساڑھے 12 تک کوئی فلائٹ ٹیک آف نہیں کرے گی
وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کیلئے پاکستان کی فضائی حدود بند کرنے کے علاوہ بھی بہت سے آپشنز پر غور کیا جاسکتا ہے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ مودی کا کشمیر پر بات کرنے پر راضی ہونا ہماری سفارتی کامیابی ہے، سیکیورٹی کونسل کے مستقل ارکان نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمعے کو پوری قوم کشمیر کیلئے نکلے گی، کشمیر ایشو پر پاکستان کے میڈیا نے اہم کردار ادا کیا ہے، جمعے کو دن 12 سے ساڑھے 12 تک کوئی فلائٹ بھی ٹیک آف نہیں کرے گی۔

ادھروزیرِ ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ فضائی حُدود بند کرنا اُن کا کام نہیں، انہوں نے سمجھوتا اور تھر ایکسپریس بند کیں، کسی میں جرات ہے تو چلا کر دکھائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم جنگ کے خواہش مند نہیں لیکن جنگ ہوئی قوم کا بچہ بچہ لڑے گا۔

کراچی میں بھی آدھے گھنٹے کیلئے ٹریفک روک دی جائے گی
آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کراچی میں بھی جمعے کو 12بجے سےساڑھے12 بجے تک تمام سڑکوں پرٹریفک روک دی جائے گی۔

12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک ٹریفک اور لوگ اپنی اپنی جگہ کھڑے رہیں گے۔آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ افسران و ملازمین سڑکوں پر جمع ہوکر پاکستانی اور کشمیری جھنڈے لہرائیں۔

Comments are closed.