عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 4 ماہ کی کم ترین سطح پر گر گئی
فوٹو : فائل
اسلام آباد: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 4 ماہ کی کم ترین سطح پر گر گئی،عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً 4 ماہ کی کم ترین سطح 73.8 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔
نئی قیمتوں کے حوالے سے عالمی جریدے بلوم برگ کے اعداد و شمار سامنے آئے ہیں جن کے مطابق خام تیل برینٹ کروڈ 74.80 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا جو بعد میں مزید گر کر تقریباً 73.8 ڈالر فی بیرل تک بھی پہنچ گیا۔
ایران جنگ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ برینٹ کروڈ کی قیمت 75 ڈالر فی بیرل سے نیچے آئی ہے جو فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ کشیدگی شروع ہونے سے پہلے کی سطح کے قریب ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی کی وجہ امریکہ ایران معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز سے تیل بردار جہازوں کی آمدورفت معمول پر آنا ہے۔
امریکہ کی جانب سے 60 روز کے لیے پابندیاں نرم کرنے کے بعد ایرانی خام تیل کی برآمدات میں ممکنہ اضافے سے بھی عالمی منڈی میں رسد بڑھنے کا امکان ہے کیونکہ اب ٹیکس بھی ختم ہو گیا ہے آبنائے ہرمز میں۔
قیمت گرنے کی ایک اور بڑی وجہ خلیجی ممالک کی جانب سے تیل کی فراہمی میں اضافے اور بعض کارگو رعایتی نرخوں پر فروخت ہونا ہے۔
اس دوران سونے کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی جبکہ عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں نسبتاً بہتری آئی ہے۔ اس وقت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے.
توانائی کے شعبے کے ماہرین خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے۔ کشیدگی بڑھنے یا آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل متاثر ہوئی تو خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیزی آسکتی ہے۔
Comments are closed.