بنوں،مزانگہ پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ، جوابی کارروائی میں متعدد حملہ آور ہلاک

بنوں،مزانگہ پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ، جوابی کارروائی میں متعدد حملہ آور ہلاک

فوٹو : سوشل میڈیا

بنوں : خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے مزانگہ پردہ میں واقع پولیس چوکی پر دہشتگردوں کی جانب سے کیا گیا حملہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس کی بھرپور اور منظم جوابی فائرنگ کے نتیجے میں متعدد حملہ آور ہلاک جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بنوں یاسر آفریدی کے مطابق دہشتگردوں نے رات گئے مزانگہ پولیس چوکی کو نشانہ بنایا اور بھاری اسلحے کے ساتھ اچانک حملہ کیا۔ تاہم چوکی میں تعینات پولیس اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا۔

پولیس حکام کے مطابق جوابی کارروائی کے دوران کئی حملہ آور موقع پر مارے گئے جبکہ کم از کم پانچ زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد ایک حملہ آور کی لاش جائے وقوعہ سے برآمد کر لی گئی، تاہم دیگر ہلاک اور زخمی دہشتگردوں کو ان کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔

فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پولیس اہلکار فرید اللہ معمولی زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

ڈی پی او یاسر آفریدی کا کہنا ہے کہ حملہ آور جدید اور بھاری اسلحہ استعمال کر رہے تھے، تاہم پولیس اہلکاروں نے ثابت قدمی اور پیشہ ورانہ مہارت سے صورتحال کو قابو میں رکھا اور چوکی کا دفاع یقینی بنایا۔

واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ آپریشن کے دوران مختلف مقامات سے خون کے نشانات بھی ملے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حملہ آوروں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

پولیس کے مطابق علاقے میں مجموعی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے، جبکہ سرچ آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

بنوں،مزانگہ پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ، جوابی کارروائی میں متعدد حملہ آور ہلاک

Comments are closed.