پاک بھارت تعلقات کی بحالی کیلئے 117 ممتاز شخصیات کا شہباز شریف اور نریندر مودی کو مشترکہ خط

پاکستان اور بھارت کی 117 ممتاز شخصیات کا شہباز شریف اور مودی کے نام خط

فوٹو : اے آئی 

اسلام آباد: بھارت اور پاکستان کی 117 ممتاز شخصیات نے وزیراعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے نام مشترکہ کھلا خط لکھتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان امن، مکالمے اور معمول کے دوطرفہ تعلقات کی بحالی کیلئے فوری، ٹھوس اور مستقل اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 اس حوالے سے روزنامہ جنگ کے مطابق سنٹر فار پیس اینڈ پروگریس کی جانب سے جاری کیے گئے مشترکہ خط میں دونوں حکومتوں پر زور دیا گیا ہے کہ اعتماد سازی کے اقدامات کو فوری طور پر بحال کیا جائے، مکمل سفارتی تعلقات دوبارہ استوار کیے جائیں.

نئی دہلی اور اسلام آباد میں ہائی کمشنرز کی دوبارہ تعیناتی عمل میں لائی جائے، ویزا سروسز بحال کی جائیں، کمرشل پروازوں کیلئے فضائی حدود دوبارہ کھولی جائیں اور دونوں ممالک کے درمیان سرکاری و عوامی روابط کو فروغ دیا جائے۔

خط میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ اٹاری۔واہگہ زمینی سرحد کو تجارت اور عوامی آمدورفت کیلئے دوبارہ کھولا جائے، سرینگر۔مظفرآباد بس سروس بحال کی جائے، سرحد پار رابطوں کے دیگر منصوبوں کو دوبارہ فعال کیا جائے اور دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ مذاکرات کا سلسلہ بحال کیا جائے تاکہ دیرپا امن اور باہمی اعتماد کی فضا قائم ہو سکے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور پاکستان مل کر دنیا کی تقریباً پانچویں آبادی کا گھر ہیں اور دونوں ممالک کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ مسلسل کشیدگی، بداعتمادی اور رابطوں کے فقدان کے باعث لاکھوں نوجوان بہتر مواقع، معاشی خوشحالی، تعلیمی امکانات اور محفوظ مستقبل سے محروم ہو رہے ہیں۔

اس صورتحال کا نقصان صرف دونوں ممالک ہی نہیں بلکہ پورے خطے کو پہنچ رہا ہے، اس لیے اختلافات کے باوجود مکالمہ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔

خط کے مطابق دونوں ممالک کی قیادت کو ایسے فیصلے کرنے چاہئیں جو آنے والی نسلوں کو امن، استحکام اور ترقی کی ضمانت فراہم کریں۔

سنٹر فار پیس اینڈ پروگریس کی جانب سے جاری اس خط پر مجموعی طور پر 117 شخصیات نے دستخط کیے ہیں، جن میں 61 کا تعلق بھارت جبکہ 56 پاکستان سے ہے۔

بھارت سے دستخط کرنے والوں میں فاروق عبداللہ، میر واعظ عمر فاروق، محبوبہ مفتی، منوج جھا، ہمایوں کبیر سمیت مختلف سیاسی، سماجی، تعلیمی اور دانشور حلقوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات شامل ہیں۔

پاکستان سے دستخط کرنے والوں میں سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری، سابق سفارتکار اشرف جہانگیر قاضی، رکن قومی اسمبلی اسفندیار بھنڈارا، ممتاز جوہری طبیعیات دان و مصنف پرویز ہودبھائی سمیت متعدد سابق سفارتکار، سیاستدان، ماہرین تعلیم، دانشور اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک بھارتی مصنف نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹریک ٹو ڈپلومیسی بھی جاری ہے اور اب تک لندن، دوحہ، بینکاک ، اور کولمبو میں 6 میٹنگز بھی ہو چکی ہیں اور ان ملاقاتوں میں امن عمل کی بحالی اور متذکرہ موضوعات ہی زیر بحث آئے ہیں.

پاک بھارت تعلقات کی بحالی کیلئے 117 ممتاز شخصیات کا شہباز شریف اور نریندر مودی کو مشترکہ خط

Comments are closed.