مسلم لیگ ن کی حکومت نے ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا
فوٹو : فائل
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی حکومت نے ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا،حکومت کی جانب سے یہ اضافہ 3 روز کیلئے کیا گیا ہے جبکہ یہ اعلان بھی کیا ہے کہ آئندہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
نئی قیمتوں کے حوالے سے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے35 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
اسی طرح پٹرول کی قیمت میں بھی 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 18 جولائی کی رات 12 بجے سے ہوچکا ہے اور یہ قیمتیں 20 جولائی تک نافذ رہیں گی۔
دوسری جانب حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنےکا اعلان کیا ہے ، یہ اعلان وفاقی وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیراطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا.
انھوں نے کہاکہ خطے میں کشیدگی کے باعث ایک بار پھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ہر جگہ توانائی کی قیمتیں دوبارہ بڑھنا شروع ہوگئی ہے۔
علی پرویز نے کہا حکومت پٹرولیم مصنوعات کوڈی ریگولیشن کی طرف لےجارہی ہے، وزیراعظم اور کابینہ نے فیصلہ کیا کہ اوگرا روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین کرے گی، اوگرا روزانہ کی قیمتوں کا تعین کرکے ویب سائٹ پر لگایا کرے گی۔
Comments are closed.