خیبرپختونخوا میں تاریخ رقم، صوبے کی جیلوں میں پہلی بار خواجہ سرا وارڈنز تعینات
فوٹو : سوشل میڈیا
پشاور: خیبرپختونخوا میں تاریخ رقم، صوبے کی جیلوں میں پہلی بار خواجہ سرا وارڈنز تعینات کر دئیے گئے ہیں، خیبرپختونخوا میں جیل اصلاحات اور سماجی شمولیت کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے.
خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ خواجہ سرا برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو جیل وارڈن بھرتی کیا گیا ہے،سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق صوبیہ خان اور زوہیب کو بطور جیل وارڈن تعینات کیا گیا ہے، جو آئندہ ہفتے سے پشاور کی سینٹرل جیل میں اپنے فرائض باقاعدہ طور پر سنبھالیں گے۔
یہ اقدام نہ صرف جیل انتظامیہ میں تنوع لانے کی کوشش ہے بلکہ خواجہ سرا کمیونٹی کو باعزت روزگار فراہم کرنے کی سمت بھی ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کی بھرتی مکمل میرٹ اور طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق کی گئی ہے، اور انہیں دیگر وارڈنز کی طرح پیشہ ورانہ تربیت بھی دی گئی ہے۔ جیل انتظامیہ کے مطابق اس فیصلے سے ادارے میں برداشت، برابری اور ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔
سماجی حلقوں اور انسانی حقوق کے کارکنان نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ سرا افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور سرکاری اداروں میں ان کی نمائندگی معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی کا سبب بن سکتی ہے۔
توقع کی جارہی ہے یہ اقدام دیگر صوبوں کے لیے بھی مثال بن سکتا ہے، جہاں خواجہ سرا کمیونٹی کو اب بھی روزگار اور سماجی قبولیت کے حوالے سے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے.
Comments are closed.