تہران کا امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے اگلے مرحلے کا کوئی منصوبہ نہیں، ایرانی میڈیا
فوٹو : سوشل میڈیا
اسلام آباد: اسلام آباد مزاکرات کے بے نتیجہ ختم ہونے کے بعد جہاں ابھی آگے کی صورتحال کے حوالے سے بے یقینی کی کیفیت ہے وہاں ایرانی میڈیا کے تبصرے بھی جاری ہیں جس میں کہا جا رہا ہے کہ تہران کا امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے اگلے مرحلے کا کوئی منصوبہ نہیں، ایرانی میڈیا کے مطابق امریکہ منصفانہ معاہدہ پہ آمادہ نہیں ہوا ہے.
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ’فارس‘ نے مذاکراتی ٹیم کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کا موقف ہے کہ وہ کسی جلد بازی کا شکار نہیں ہے اور جب تک امریکہ ایک معقول اور منصفانہ معاہدے پر راضی نہیں ہوتا، تب تک عالمی تجارت کے لیے اہم راستے یعنی آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے ان طویل مذاکرات میں فریقین کسی نتیجے پر پہنچنے میں ناکام رہے ہیں، جس کے بعد امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اس نتیجے کو ایران کے لیے بری خبر قرار دیا تھا۔
ایران کے سابق نائب صدر عطا اللہ مہاجرانی نے اس پر ردِعمل دیتے ہوئے فارس نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اصل میں یہ امریکا کے لیے زیادہ بری خبر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے خود مذاکرات کی تجویز دی، ثالث کا بندوبست کیا اور بات چیت کے لیے ایران کی دس شرائط بھی مان لیں، لیکن وہ مذاکرات کی میز پر وہ کچھ حاصل کرنا چاہتا تھا جو وہ میدانِ جنگ میں حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔
اس ڈیڈ لاک کی وجہ سے عالمی سطح پر توانائی کے بحران اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کی امیدیں ایک بار پھر مدھم پڑتی دکھائی دے رہی ہیں.
واضح رہے ایرانی وفد مذاکرات ختم ہونے کے بعد رات گئے اسلام آباد سے روانہ ہو گیا تھا اور جاتے جاتے جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ انھوں نے ایران کو اپنا موقف بتا دیا ہے.
Comments are closed.