وزیراعظم کا ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے کمی کا اعلان ، پٹرول صرف 12 روپے سستا کیا
فوٹو : فائل
اسلام آباد: وزیراعظم کا ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے کمی کا اعلان ، پٹرول صرف 12 روپے سستا کیا ،یہ اعلان وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کیا، رات 12 بجے سے ڈیزل کی قیمت 520 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 385 روپے فی لیٹر ہو چکی ہے.
وزیراعظم نے کہا ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے زرعی شعبے میں آسانی پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اخراجات میں بھی کمی آئے گی، وزیراعظم کے اعلان کے بعد
پٹرول کی قیمت آج رات بجے 378 روپے سے کم ہو کر 366 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، وزیراعظم نے کہا چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے لئے صوبائی حکومتوں کے مشورہ اور تعاون سے ٹارگٹڈ سبسڈی جاری رہے گی.
شہبازشریف نے کہا وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر مشکل ترین حالات میں عوام کو کبھی تنہاء نہیں چھوڑا،ایک تاریخ ساز موقع پر قوم سے مخاطب ہوں، اللہ کے فضل سے خلیج میں جنگ کی نہیں، امن کی باتیں ہو رہی ہیں.
اس اہم موقع پر فریقین جنگ بندی کے ساتھ بات چیت پر راضی ہوئے،ایران اور امریکہ کی قیادت نے جنگ بندی کی تجویز پر اتفاق کیا، اس پر شکر گذار ہیں، دونوں ملکوں کی لیڈر شپ ہماری پرخلوص دعوت پر مذاکراتی عمل کے لئے اسلام آباد آ رہی ہے.
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ
یہ صرف پاکستان کے لئے نہیں، عالم اسلام کے لئے قابل فخر لمحہ ہے، اس نازک موقع پر پاکستان کی قیادت نے انتہائی محتاط انداز میں اعتماد کا مظاہرہ کیا.
انھوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم کی انتھک کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شاندار کردار کو سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا.
عارضی جنگ بند ہو چکی ہے، مستقل امن کا کٹھن مرحلہ بات چیت سے طے کرنا ہے، وزیراعظم نے کہا قوم سے درخواست ہے کہ مذاکراتی عمل کی کامیابی کے لئے دعا کرے،
دعا گو ہیں کہ رب ذوالجلال مذاکرات کو کامیابی سے ہمکنار کرے.
امن عمل کی کامیابی سے ان گنت معصوم زندگیاں بچ جائیں گی، پاکستانی قیادت مذاکراتی عمل کی کامیابی کے لئے خلوص نیت سے مصروف عمل ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آیا.
وزیراعظم نے کہا قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جونہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گریں گی، ان شاء اللہ اس کا فائدہ عوام تک پہنچاؤں گا، آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے.
پچھلے چند ہفتوں میں عوام تک اس قیامت خیز مہنگائی کو روکنے کے لئے حکومت پاکستان نے اپنے وسائل سے 129 ارب روپے خرچ کئے تھے.
یہ تجویز دی گئی کہ تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا کچھ حصہ عوام کو پہنچایا جائے اور کچھ حصہ روک کر 129 ارب روپے کے اخراجات میں کمی لانے کے لئے استعمال کیا جائے، ایک لمحہ کی تاخیر کے بغیر یہ تجویز مسترد کر دی ہے.
وزیراعظم نے کہا عوام نے صبر، تحمل اور برداشت کے ساتھ مہنگائی کا بوجھ برداشت کیا ہے، حکومت نے بھی مالیاتی نظم و نسق اور اقدامات کے ذریعے اپنا حصہ ڈالا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا ایک ایک روپیہ عوام پر نچھاور کیا جائے.
ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کی کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنا ذمہ داری ہے، گندم کی کٹائی شروع ہو چکی ہے، اس مرحلے پر اپنے محنتی کسان کے لئے لاگت کم کرنا انتہائی ضروری ہے، ان شاء اللہ تیزی سے ترقی کرتا ہوا پاکستان آنے والی نسلوں کے حوالے کریں گے.
Comments are closed.