ایران کے سعودی عرب پر حملے تنازع کے حل کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، کورکمانڈرز
فوٹو : آئی ایس پی آر
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں علاقائی امن کیلئے سفارت کاری پر زور دیا، کانفرنس میں کہا گیا کہ ایران کے سعودی عرب پر حملے تنازع کے حل کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، کورکمانڈرز نے کہا ان حملوں سے پرامن ذرائع سے تنازع کے حل کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے.
آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس فورم میں کہا کہ سعودی عرب نے سنگین اشتعال انگیزیوں کے باوجود اب تک جس تحمل اور محتاط رویے کا مظاہرہ کیا، اس سے ثالثی اور سفارتی حل کی راہ ہموار ہوئی،اس نوعیت کے حملے اور بلاجواز جارحیتیں ،جاری پرامن کوششوں اور سازگار ماحول کو سنگین طریقے سے متاثر کرتی ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر کی زیر صدارت 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔فورم نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل کارکردگی اور انٹیلی جنس بنیادوں پر انسداد دہشت گردی کارروائیوں میں ثابت قدمی کو سراہا۔فورم کو بتایا گیا کہ حکومت، مسلح افواج اور عوام کے باہمی تعاون سے پاکستان سیکیورٹی کامیابیوں کو مستحکم کرنے، معاشی استحکام کو مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر اپنی حیثیت بہتر بنانے کی سمت گامزن ہے۔
کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کی حمایت یافتہ تمام دہشت گرد عناصر، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شرکاء نے کہا کہ آپریشن "غضب لِلحق” کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، جبکہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کو بھی فیصلہ کن طور پر روکا جائے گا۔
فورم نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور ذمہ دارانہ سفارتکاری کے لیے پرعزم ہے اور ایک فعال علاقائی سیکیورٹی استحکام فراہم کرنے والا کردار ادا کر رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس نے سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر ضروری کشیدگی قرار دیا، جبکہ ایران کے اقدامات کو پرامن حل کی کوششوں کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا۔
فورم نے کہا کہ سعودی عرب نے اشتعال انگیزی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا، جس سے سفارتی حل کی راہ ہموار ہوئی، تاہم ایسے حملے امن کوششوں کو متاثر کرتے ہیں۔
کانفرنس میں بھارت کی جانب سے گمراہ کن معلومات، بے بنیاد الزامات اور جھوٹے فلیگ آپریشنز کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ حربے عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت ہلاکتوں اور جعلی مقابلوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اختتام پر آرمی چیف نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس اور جدید تقاضوں کے مطابق پیشہ ورانہ مہارت برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور مسلح افواج کی ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
Comments are closed.