کراچی میں موسلا دھار بارش، مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق
فوٹو : فائل
کراچی: کراچی میں موسلا دھار بارش، مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے، شہر کے مختلف علاقوں میں صبح موسلادھار بارش کے بعد وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
کراچی میں بارش کے نتیجے میں گلی، محلےاور سڑکیں زیرِ آب آگئی ہیں اور شہریوں کا گھر پہنچنا محال ہوگیا ہے، جگہ جگہ پانی کھڑا ہو گیا۔
صبح کے وقت ہونے والی طوفانی بارش کے بعد شارعِ فیصل پر نرسری کا مقام تالاب کا منظر پیش کرنے لگا ہے، گاڑیوں کی لمبی قطاروں کی وجہ سے سڑک بلاک ہوچکی ہے۔
شہر میں کئی عمارتوں کے بیسمنٹ بھی پانی سے بھر گئے ہیں جب کہ کئی مقامات پر سڑکوں کے دھنس جانے کی بھی اطلاعات ہیں، جس کے نتیجے میں گاڑیوں اور موٹرسائیکل سواروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
کمشنر کے کنٹرول روم اور متعلقہ افسران نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور فیلڈ میں سرگرم رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ شہری کسی بھی مدد یا شکایت کے لیے ریسکیو ہیلپ لائن 1299 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران بجلی کے متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے ہیں جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گرومندر، گارڈن، صدر، اولڈ سٹی ایریا، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، اسکیم 33، ملیر، ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی، ڈیفنس، کلفٹن، کورنگی اور لانڈھی میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
Comments are closed.