پی ایس ایل 11، وینیوز اور شیڈول تبدیل، میچز خالی گراؤنڈز میں ہوں گے، محسن نقوی

فوٹو : سوشل میڈیا 

لاہور: پی ایس ایل 11، وینیوز اور شیڈول تبدیل، میچز خالی گراؤنڈز میں ہوں گے، محسن نقوی چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا خطے کی صورتحال کے پیش نظر میچز اب صرف لاہور اور کراچی میں ہی ہوں گے.

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان سپر لیگ سیزن 11 اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے ہی شروع ہوگی، تاہم اسے محدود پیمانے پر منعقد کیا جائے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران محسن نقوی نے بتایا کہ لیگ کے انعقاد کے حوالے سے شہباز شریف سے مشاورت کے بعد اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیکیورٹی حالات کے پیش نظر تمام میچز بغیر تماشائیوں کے کھیلے جائیں گے اور شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 11 کے تمام میچز اب صرف دو بڑے شہروں لاہور اور کراچی تک محدود کر دیے گئے ہیں، جبکہ دیگر وینیوز کو عارضی طور پر شیڈول سے نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اخراجات میں کمی کے لیے کفایت شعاری مہم کے تحت کئی غیر ضروری سرگرمیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں، جن میں افتتاحی تقریب کی منسوخی بھی شامل ہے۔

محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ جن شائقین نے پہلے سے ٹکٹ خرید رکھے ہیں، انہیں مکمل رقم واپس کی جائے گی تاکہ عوام کو کسی مالی نقصان کا سامنا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ خطے میں کشیدگی برقرار ہے، تاہم سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور انٹیلی جنس نظام مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات جاری رہیں گے اور دنیا کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ پاکستان کھیلوں کے لیے محفوظ ملک ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے، تاہم موجودہ صورتحال کے باعث بعض غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی اور سفر کے معاملات پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ پی سی بی حکام کے مطابق نیا تفصیلی شیڈول جلد جاری کیا جائے گا، جس میں میچز کے اوقات اور وینیوز کی مکمل تفصیلات شامل ہوں گی۔

Comments are closed.