اسلام آباد میں غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن تیز

اسلام آباد میں غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن تیز

فوٹو : فائل

اسلام آباد: اسلام آباد میں غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا ہے اورپاکستان سے غیر قانونی افغان مہاجرین کے انخلاء کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے شہریوں سے خصوصی تعاون کی اپیل کر دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق غیر قانونی مہاجرین کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر آپریشن جاری ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی افغان مہاجر کو رہائش، نوکری یا کاروباری سہولت فراہم کرنا قانونی جرم ہے، جس پر متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اردگرد موجود غیر قانونی افغان مہاجرین کی اطلاع کنٹرول روم نمبر 051-9108084 پر لازمی دیں، جبکہ اطلاع دینے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

حکام کے مطابق اگر کسی کاروبار میں غیر قانونی افغان شہری کو کام کرتے پایا گیا تو کاروبار کے مالک کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ کسی گھر میں غیر قانونی رہائش کی صورت میں مکان مالک کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی مہاجرین کے خلاف جاری کارروائیوں میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

Comments are closed.