مارنس لبوشین منفرد انداز میں حیدرآباد ہیوسٹن کےکپتان مقرر
فوٹو : فائل
لاہور : آسٹریلوی اسٹار بیٹر مارنس لبوشین منفرد انداز میں حیدرآباد ہیوسٹن کےکپتان مقرر کئے گئے ہیں جس کا اعلان بھی منفرد تھاپاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 سے قبل نئی شامل ہونے والی فرنچائز حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین نے آسٹریلیا کے مایہ ناز بیٹر مارنس لبوشین کو ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
فرنچائز کی جانب سے اس اہم فیصلے کا اعلان سوشل میڈیا پر جاری ایک منفرد ویڈیو کے ذریعے کیا گیا، جس میں ایک نجی طیارہ شہر حیدرآباد کی فضاؤں میں پرواز کرتے ہوئے کاغذی پرچیاں گراتا دکھایا گیا۔ ان پرچیوں پر لبوشین کی بطور کپتان تقرری کا پیغام درج تھا، جس نے شائقین کرکٹ کی بھرپور توجہ حاصل کی۔
ذرائع کے مطابق لبوشین کو پی ایس ایل کے باضابطہ پلیئرز ڈرافٹ سے قبل ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، تاہم معاہدے کی مالی تفصیلات تاحال منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔
https://https://www.instagram.com/reel/DV-sBZ2CMIM/?igsh=MXY2bHVjMnA1bTZoag==
کرکٹ ماہرین کے مطابق لبوشین کی قیادت میں ٹیم ایک مضبوط اور متوازن یونٹ کے طور پر سامنے آ سکتی ہے۔
حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین کااسکواڈ
حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین کے اسکواڈ میں بین الاقوامی اور مقامی کھلاڑیوں کا امتزاج شامل ہے۔ فرنچائز نے بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈ شعبوں میں متوازن ٹیم بنانے پر توجہ دی ہے۔
ٹیم میں آسٹریلوی، انگلش اور دیگر کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے پاکستانی ٹیلنٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ مکمل اسکواڈ کی تفصیلات مرحلہ وار جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
اسکواڈ میں شامل نمایاں کھلاڑیوں میں گلین میکسویل، صائم ایوب، کوسل پریرا، عثمان خان، شرجیل خان اور حماد اعظم شامل ہیں۔
مزید کھلاڑیوں میں عرفان خان نیازی، شایان جہانگیر،سعد علی،طیب عارف، معاذ صداقت ، حسن خان، رضوان محمود اور احمد حسین بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
بولنگ لائن اپ میں اکیف جاوید، محمد علی، رائلی میریڈتھ، اوٹنئیل بارٹمین، حنین شاہ اور آصف محمود شامل ہیں، جو ٹیم کو مضبوط دفاعی صلاحیت فراہم کریں گے۔
پی ایس ایل سیزن 11 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا جبکہ فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین اپنی مہم کا آغاز دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے خلاف کرے گی۔ یہ افتتاحی میچ لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔
کرکٹ شائقین نئی فرنچائز اور اس کے کپتان مارنس لبوشین کی کارکردگی کے منتظر ہیں، جبکہ ٹیم کی شمولیت سے پی ایس ایل کے مقابلوں میں مزید سنسنی اور دلچسپی بڑھنے کی توقع ہے۔
Comments are closed.