انگلینڈ نے بھارت کو ٹی20 سیریز میں وائٹ واش کر دیا، کئی عالمی ریکارڈ قائم
فوٹو : کرک انفو
اسلام آباد: ٹی20 سیریز میں انگلینڈ نے بھارت کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کرتے ہوئے پانچ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ پانچویں اور آخری ٹی20 انٹرنیشنل میں جوز بٹلر اور کپتان ہیری بروک نے جارحانہ بیٹنگ کا ایسا مظاہرہ کیا کہ دوسری وکٹ کے لیے 233 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کرکے ٹی20
انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ کر دیا۔یہ شراکت نہ صرف بھارت کے خلاف کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی پارٹنرشپ بن گئی بلکہ انگلینڈ کی ٹی20 تاریخ کا بھی نیا ریکارڈ قرار پائی۔
ہفتے کو انگلینڈ کے شہر ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے پانچ میچوں کی سیریز کے آخری ٹی20 انٹرنیشنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
انگلینڈ کی پہلی وکٹ جلد گر گئی، تاہم اس کے بعد وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر اور کپتان ہیری بروک نے بھارتی بولرز کی بھرپور دھلائی کرتے ہوئے کئی تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔

دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کے لیے 233 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی، جو ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں دوسری وکٹ کے لیے اب تک کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے سنجو سیمسن اور تلک ورما کے پاس تھا، جنہوں نے دوسری وکٹ کے لیے 210 رنز جوڑے تھے۔
یہ شراکت بھارت کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل میں کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی پارٹنرشپ بھی بن گئی۔ اس سے پہلے یہ اعزاز جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک اور ڈیوڈ ملر کے پاس تھا، جنہوں نے 2022 میں گوہاٹی میں بھارت کے خلاف 174 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔
جوز بٹلر اور ہیری بروک نے اس شاندار پارٹنرشپ کے ساتھ انگلینڈ کی ٹی20 کرکٹ کی تاریخ کا بھی نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل انگلینڈ کی سب سے بڑی شراکت 170 رنز تھی، جو جوز بٹلر اور الیکس ہیلز نے 2022 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ میں قائم کی تھی۔
آئی پی ایل کے ٹُلے انگلینڈ میں نہ چل سکے ، انڈیا چوتھا ٹی20 بھی ہار گیا
اس میچ میں جوز بٹلر نے بھارتی اسپنر اکشر پٹیل کی گیند پر ڈیپ بیک ورڈ اسکوائر لیگ کے اوپر شاندار چھکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔ سنچری مکمل ہوتے ہی شائقین اپنی نشستوں سے کھڑے ہو گئے اور بھرپور انداز میں ان کا استقبال کیا، جبکہ بٹلر نے نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود ہیری بروک کو گلے لگا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
بھارت کی مشکلات اس وقت مزید بڑھ گئیں جب سنچری مکمل ہونے کے فوراً بعد اگلی ہی گیند پر سوریانش شیڈگے نے ڈیپ ایکسٹرا کور پر جوز بٹلر کا آسان کیچ چھوڑ دیا، جس کے بعد انہیں مزید بیٹنگ کا موقع مل گیا۔
دوسری جانب کپتان ہیری بروک نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 19 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، جو بھارت کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل میں مشترکہ طور پر تیسری تیز ترین نصف سنچری ہے۔
اس فہرست میں جنوبی افریقا کے مارکو یانسن 2024 میں سنچورین میں 16 گیندوں پر ففٹی بنا کر پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ کیمرون گرین اور جیکب بیتھل نے بھی 19، 19 گیندوں پر نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔
جوز بٹلر کی شاندار سنچری، ہیری بروک کی برق رفتار اننگز اور دونوں کے درمیان 233 رنز کی ناقابلِ شکست تاریخی شراکت نے انگلینڈ کو ایک مضبوط اور فیصلہ کن پوزیشن میں پہنچا دیا، جبکہ بھارتی ٹیم اس ریکارڈ ساز بیٹنگ کے سامنے مکمل طور پر بے بس دکھائی دی۔
اس شاندار کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے نہ صرف سیریز اپنے نام کی بلکہ بھارت کو وائٹ واش کرکے کئی تاریخی ریکارڈ بھی قائم کر دیے۔
انگلینڈ نے بھارت کو ٹی20 سیریز میں وائٹ واش کر دیا، کئی عالمی ریکارڈ قائم
Comments are closed.