عمران خان کی آنکھ کا معاملہ سپریم کورٹ نے نمٹا دیا،7 صفحات کا حکم نامہ جاری
فوٹو : فائل
اسلام آباد : سابق وزیراعظم عمران خان کی آنکھ کا معاملہ سپریم کورٹ نے نمٹا دیا،7 صفحات کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں موجودہ صورتحال سے متعلق درخواست نمٹا دی۔عدالت نے 12 فروری کی سماعت کا 7 صفحات پر مشتمل حکمنامہ جاری کردیا۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ باریک بینی سے جائزہ لینے سے فرینڈ آف کورٹ اور جیل سپریٹنڈنٹ کی رپورٹس میں مجموعی تصویر ہم آہنگ نظر آئی۔ جیل میں درخواست گزار کے حالات میں فی الحال کوئی منفی یا تشویشناک پہلو سامنے نہیں آیا۔ روزمرہ معمولات اور خوراک کے انتظامات تسلی بخش قرار پائے۔
عدالت کے مطابق رپورٹس کے بعد 23 اگست اور24 اگست 2023 کے حکمنامے پر عمل درآمد ہوچکا، بانی پی ٹی آئی کی لیونگ کنڈیشن سے متعلق معاملہ اب غیر مؤثر ہو چکا ہے، توشہ خانہ سے متعلق بانی کی درخواست ہائیکورٹ کے فیصلے تک زیر التوا رہے گی۔
حکمنامہ کے مطابق رپورٹس میں روزمرہ معمولات اور خوراک کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا گیا، قید خانے کی حالت اطمینان بخش پائی گئی،باقاعدہ بنیادی طبی معائنوں کی فراہمی کی تصدیق ہوئی، جیل احاطے میں درخواست گزار کی سیکیورٹی کو محفوظ قرار دیا گیا۔
حکمنامہ کے مطابق 5 اگست 2023 کو ٹرائل کورٹ کے حتمی فیصلے کے بعد تمام درخواستیں غیر موثر ہو چکیں، ٹرائل کی مبینہ بے قاعدگیاں یا غیرقانونی اقدامات کیخلاف شکایات ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت اپیل میں اٹھائی جاسکتی ہیں، سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ کے سابقہ احکامات کی روشنی میں یہ درخواستیں غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کی جاتی ہیں، درخواست گزار کی ان درخواستوں کو ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد دوبارہ لگایا جائے گا۔
اٹارنی جنرل نے عدالتی حکم پر بانی کی جیل میں زندگی کے حالات سے متعلق رپورٹ جمع کرائی، بانی کے موجودہ حالات کی آزادانہ تصدیق کے لیے سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کیا گیا، رپورٹس کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے جیل میں سیکیورٹی، رہائشی حالات اور کھانے پینے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
جیل کوٹھڑی میں 100کتابیں،قرآن پاک اور2 سیب،کوئی خواہش نہیں، عمران خان
تحریری حکمنامے کے مطابق فرینڈ آف دی کورٹ کی رپورٹ میں عمران خان کی آنکھوں کی بگڑتی حالت پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا، اٹارنی جنرل نے 16 فروری سے قبل ماہر امراض چشم کی ٹیم سے طبی معائنہ کی یقین دہانی کرائی، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو قانون کے مطابق برطانیہ میں مقیم بیٹوں سے بات کرنے کی اجازت دینے کی ہدایت کی۔
عدالت نے قرار دیا کہ 24 اگست 2023 کو بانی کے جیل میں حالات زندگی پر جو خدشات ظاہر کئے گئے اُن کی تعمیل ہوچکی، بانی پی ٹی آئی کی 3 فوجداری درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن نے کی۔
فرینڈ آف کورٹ کی رپورٹ کا پیراگراف نمبر 20 عدالتی حکمنامے کا حصہ بنا دیا گیا، فرینڈ آف کورٹ کی رپورٹ کا پیراگراف نمبر 20 اہم ہے، پیراگراف میں ہے کہ بانی جیل میں رہائشی حالات، سہولیات، خوراک اور حفاظتی اقدامات پر مطمئن ہیں۔
Comments are closed.