یو اے ای سے 2 ارب ڈالر قرض پر صرف ایک ماہ رول اوور ملا، سعودی عرب سے اُدھار تیل کی درخواست
فوٹو : فائل
اسلام آباد : یو اے ای سے 2 ارب ڈالر قرض پر صرف ایک ماہ رول اوور ملا، سعودی عرب سے اُدھار تیل کی درخواست کر دی، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے گزشتہ روز پاکستان کے 2 ارب ڈالر قرض کا صرف ایک ہی ماہ کے لیے رول اوور دیا تھا۔
اس حوالے سے دی نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب سے 1.2 ارب ڈالر کی سعودی آئل فیسلٹی (SOF) کی موجودہ مدت ختم ہونے کے بعد مزید دو سال کے لیے توسیع کی درخواست کی ہے۔
رپورٹ میں اعلیٰ سرکاری ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا ہے کہ سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ہم نے جاری آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل تک سعودی آئل فیسلٹی میں توسیع کے لیے نئی درخواست دے دی ہے اور سعودی حکام کی باضابطہ منظوری کے منتظر ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزارتِ پیٹرولیم اور وزارتِ خزانہ نے بار بار رابطے کرنے کے باوجود اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا.
دوسری طرف متحدہ عرب امارات کی قرض کی اصل میچورٹی جنوری میں تھی لیکن فروری تک عارضی توسیع دی گئی ہے، جبکہ پاکستان نے ایک سال کے لیے قرض رول اوور کی درخواست دی تھی۔
یو اے ای کے اس فیصلے کے مطابق پاکستان کے 2 ارب ڈالر قرض کی میچورٹی فروری تک موخر کی گئی ہے تاکہ ملک کی مالی صورتحال مستحکم رہے اور بیرونی قرض کی ادائیگی میں وقتی آسانی ہو۔
نجی ٹی وی آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکام وزارت خزانہ کے مطابق نے بتایا کہ یو اے ای کے 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں بطور سیف ڈپازٹ موجود ہیں، جنہیں مستقبل میں مزید مالی اقدامات کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو قرض پروگرام کے لیے رول اوور کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، جبکہ یو اے ای کی جانب سے قرض پر شرح سود 6.5 فیصد سے زائد ہونے کا امکان ہے۔
اس سے قبل سعودی عرب نے گزشتہ ماہ 3 ارب ڈالر کی مدت ایک سال کے لیے بڑھائی تھی، اور رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر قرض رول اوور کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس اور وزارت خزانہ کے حکام یو اے ای کے نمائندوں کے ساتھ مسلسل بات چیت میں ہیں تاکہ مالی ذمہ داریوں کو مؤثر انداز میں پورا کیا جا سکے۔
پاکستان کی جانب سے چین، سعودی عرب اور یو اے ای سے سیف ڈپازٹس رول اوور کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔اس کے علاوہ، ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جولائی میں میچور ہونے جا رہی ہے، جس کے لیے رول اوور متوقع ہے۔
Comments are closed.